سابق آرمی چیف کا بیان غلط انداز میں نقل کیا گیا، دفاع وطن کیلیے ہمیشہ تیار ہیں، پاک فوج

فوج پاکستانی عوام کو یقین دلاتی ہے کہ ہم نے ہمیشہ اپنی آپریشنل تیاریوں اور انتہائی جنگی قابلیت پر فخر کیا اور کرتے رہیں گے، مسلح افواج نے ہمیشہ مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنے ہتھیاروں اور جنگی سازوسامان سے بھرپور انسانی وسائل کو ہمیشہ تیار رکھا ہے اور رکھے گی، آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے جنگی تیاریوں سے متعلق بیان پر ہونے والے  تبصروں پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ  سابق آرمی چیف کے  پاکستان کودرپیش مستقبل کے خطرات سے متعلق   بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، پاک فوج دفاع وطن کیلیے ہمیشہ تیار ہے اور تیار رہے گی۔

یہ بھی پڑھیے

ضلع خیبر میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی، 2 دہشتگرد ہلاک ، 2 جوان شہید

کبل میں سی ٹی ڈی کی عمارت میں پراسرار دھماکے، مقامی افراد کا دہشتگردی پر اصرار

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے  جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ  حال ہی میں میڈیا میں پاک فوج کی جنگی تیاریوں کے بارے میں بحث سامنے آئی ہے  جس کا موضوع مسلح افواج کے  ذخائر میں موجود بعض ہتھیاروں کی صورتحال  ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ اس حوالے سے سابق آرمی چیف  نے ایک آف دی ریکارڈ گفتگو میں میڈیا  کے نمائندوں کے ساتھ پاکستان کو لاحق مستقبل کے خطرات کے بارے میں اپنے خیالات پیش کیے تھے جنہیں سیاق و سباق سے ہٹ کر نقل کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ فوج پاکستانی عوام کو یقین دلاتی ہے کہ ہم نے ہمیشہ اپنی آپریشنل تیاریوں اور انتہائی جنگی قابلیت پر فخر کیا اور کرتے رہیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنے ہتھیاروں اور جنگی سازوسامان سے بھرپور انسانی وسائل کو ہمیشہ تیار رکھا ہے اور رکھے گی۔

متعلقہ تحاریر