شمالی وزیرستان میں خودکش دھماکہ، 3 فوجی جوان شہید، 10 شہری زخمی

دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے حملے کے ذمہ دار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں بدھ کے روز ایک چیک پوائنٹ کے قریب خودکش حملے میں کم از کم تین فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا اور 10 شہری زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خودکش حملہ آور نے طلحہ چیک پوسٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ زور دار دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید جبکہ 10 بے گناہ شہری زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیے

بلوچستان کے ضلع شیرانی میں دہشتگردوں کا حملہ ، ایک ایف سی اور 3 پولیس اہلکار شہید

سیکورٹی فورسز کی ضلع باجوڑ میں کارروائی، کمانڈر سمیت 4 دہشتگرد ہلاک

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شہید ہونے والے جوانوں کے جسدخاکی اور زخمیوں کو میران شاہ اسپتال منتقل کیا۔ اس کے ساتھ ہی اس گھناؤنے فعل کے ذمہ دار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ صرف تین روز قبل خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی فورسز نے امن و استحکام کے لیے خطرہ بننے والے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل کلاچی کے علاقے میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں تین دہشت گرد مارے گئے تھے۔

متعلقہ تحاریر