میڈیا چند ہاتھوں میں ہونے سے پاکستان کا بڑا نقصان ہورہا ہے،فواد چوہدری
میڈیا کی آزادی کے نام پر بلیک میلنگ کے قلعے تعمیر ہو گئے ہیں جن کو مسمار کرنا پاکستان کیلئے لازم ہے،وفاقی وزیراطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ میڈیا چند لوگوں کے ہاتھوں میں ہونے سے پاکستان کا بڑا نقصان ہورہا ہے۔ میڈیا کی آزادی کے نام پر بلیک میلنگ کے قلعے تعمیر ہو گئے ہیں جن کو مسمار کرنا پاکستان کیلئے لازم ہے۔
اسلام آباد میں نیوز 360سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ جرنلسٹس پروٹیکشن بل پارلیمنٹ سے منظور ہوگیا ہے، صدر مملکت جلد اس پر دستخط کر دیں گے جس کے بعد یہ قانون بن جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
فواد چوہدری نے مریم نواز کو فیک آڈیو لیکس کا ماسٹر مائنڈ قرار دے دیا
پرویز رشید کا سوشل میڈیا سیل چلانے کا بیان غلط ثابت
ان کا کہنا تھاکہ اس بل کے ذریعہ پہلی مرتبہ عامل صحافیوں کے لئے ریفارم کئے گئے ہیں۔اس سے پہلے صرف سیٹھوں کے لئے ریفارم ہوتے تھے۔ورکنگ جرنلسٹس کے لئے ریفارم پہلی بار موجودہ حکومت میں ہوئے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آج سارے بڑے اخبارات نے اشتہارات کے حوالے سےڈیٹا تک چھاپنے کی زحمت نہیں کی ۔اس لئے اگر ہم چند لوگوں کے ہاتھوں میں میڈیا دے دیں گے تو اس سے پاکستان کا بڑا نقصان ہوگا۔
صحافیوں کی نمائندہ تنظیم فیڈرل یونین آف جرنلسٹس پروفیشنلز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری صحافت پر بنیادی طور پر میڈیا سیٹھوں کا کنٹرول ہے، میڈیا کی آزادی کے نام پر بلیک میلنگ کے قلعے تعمیر ہو گئے ہیں جن کو مسمار کرنا پاکستان کیلئے لازم ہے، سیاسی اصلاحات کے ایجنڈے میں میڈیا کا احتساب لازمی ہونا چاہیے۔
پی ایف یو جے پروفیشنلز کے صدر مظہر اقبال نے صحافیوں کی رہائشی سہولتوں کے حوالے سے مشکلات سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا اور وفاقی حکومت کی ہاؤسنگ اسکیموں میں صحافیوں کا کوٹہ بھی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔جس پر وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ وزارت اطلاعات و نشریات کی اسلام آباد اور ملک کے دیگر علاقوں میں موجود اراضی پر صحافیوں کے لیے ہاؤسنگ اسکیم بنائی جا رہی ہےجس کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔
فواد چوہدری نے مزید بتایا کہ اس ہاؤسنگ اسکیم میں پلاٹ فراہم کیے جائیں گے،یہ اسکیم جدید سہولتوں سے آراستہ ہوگی۔ صحافیوں کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے حوالےسے قرض فراہم کرنے کے معاملے پر وہ گوررنر اسٹیٹ بینک سے بات کریں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تمام صحافیوں کو صحت کارڈ کے اجرا کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس سلسلے میں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ہیلتھ کارڈ کے اجرا کیلئے جلد تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ کے اجرا کے طریقہ کار کو سہل اور آن لائن کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ جرنلسٹس پروٹیکشن کے بل پر جلد صدر مملکت دستخط کردیں گے۔اس کے قانون بننے سے صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کے حوالے سے سہولت حاصل ہوگی اور ان کے مفادات کا بہتر انداز میں تحفظ کیا جاسکے گا۔