ایک کروڑ افراد کی ویکسینیشن ہوگئی، 21 کروڑ باقی

تقریباً ساڑھے 3 لاکھ افراد کو روزانہ ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جارہی ہے۔

حکومت پاکستان نے ایک کروڑ کرونا ویکسین لگانے کا ہدف مکمل کرلیا ہے لیکن 21 کروڑ افراد کی ویکسینیشن تاحال باقی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں ایک تقریب کے دوران وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے بتایا کہ پاکستان نے ایک کروڑ ویکسین لگانے کا ہدف مکمل کرلیا ہے۔ یہ ویکسین تقریباً 70 لاکھ سے زائد افراد کو لگائی گئی ہے جبکہ ہمارا 7 کروڑ لوگوں کو ویکسین لگانے کا ہدف ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اسد عمر نے سندھ حکومت کو کھری کھری سنا دیں

اسد عمر نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر لوگ رجسٹریشن کروا رہے ہیں اور یومیہ تقریباً ساڑھے 3 لاکھ رجسٹریشن ہورہی ہیں۔ تقریباً ساڑھے 3 لاکھ افراد کو روزانہ ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جارہی ہے جبکہ دوسری ڈوز والے افراد الگ ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے ویکسین لگوانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ویکسینیشن جتنی تیزی سے ہوگی اتنی ہی تیزی سے پابندیاں کم کرسکتے ہیں۔ ابھی کچھ سیکٹرز میں روزگار متاثر ہورہا ہے، اس مسئلے کو ختم کرنا ہے اور لوگوں کی صحت کی بھی حفاظت کرنی ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے مزید کہا کہ کرونا کی تیسری لہر میں کیے گئے اقدامات کا اثر نظر آیا ہے۔ کرونا کیسز میں عید کے بعد سے کمی دیکھنے میں آرہی ہے لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے اور آج بھی 3 ہزار سے زیادہ افراد آکسیجن پر ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اس کامیابی پر ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نےکرونا کے خلاف جس طرح جنگ لڑی اس کی معترف پوری دنیا ہے۔

سنیچر کے روز وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ حکومت کا مقصد 2021 کے آخر تک 70 فیصد آبادی کو کرونا ویکسین لگانا ہے۔

22 کروڑ سے زیادہ آبادی والے ملک میں ویکسین کی بڑی تعداد درکار ہے۔ حکومت نے ایک کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف پورا کرلیا ہے جو بلاشبہ ایک کامیابی ہے لیکن ابھی 21 کروڑ افراد کو ویکسین لگنی باقی ہے۔ حکومت کو باقی افراد کی ویکسینیشن کے لیے اقدامات تیز کرنے چاہئیں تاکہ ملک کو جلد از جلد وبائی صورتحال سے چھٹکارا حاصل ہوسکے۔

متعلقہ تحاریر