پاکستان پولیو فری ملک بننے کے قریب ہے،ڈاکٹرفیصل سلطان
پاکستان نے آج پولیو کے صفر کیسز کا ایک سال مکمل کرلیا، پورے سال میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،معاون خصوصی برائےصحت
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان پولیو فری ملک بننے کا ہدف حاصل کرنے کے قریب ہے کیونکہ پورے سال میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے جمعے کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ آج ہم پاکستان میں پولیو کے صفر کیسز کا پورا سال مکمل کر رہے ہیں لیکن کچھ جگہوں کے ماحولیاتی نمونے پولیو کے خلاف آخری کوشش کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔ اس حوالے سے آگے بڑھنے کے لیے پولیو ٹیموں، مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی ٹیموں کے ساتھ آج ڈی آئی خان کا دورہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے
کوہاٹ میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، سیکورٹی پر مامور اہلکار جاں بحق
موت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے بےخوف، باہمت پولیو وکرز کو سلام
Today we complete a whole year of zero polio cases in Pakistan. But environmental samples from a few places highlight the need for a final push. Visited DI Khan to discuss the way forward with Polio teams, local admin and security teams. pic.twitter.com/wbJoahsp98
— Faisal Sultan (@fslsltn) January 27, 2022
ڈاکٹر فیصل سلطان نے مزید لکھا کہ دشوار گزار راستوں کے باعث اس علاقے میں آبادی تک پہنچنا مشکل ہے لیکن مجھے اس کام میں سینئر حکام، پولیو عملے اور ہمارے شراکت داروں کی ایک انتہائی پرعزم ٹیم ملی ہے، مقصد انشا اللہ حاصل ہو جائے گا۔
گزشتہ برس پی ٹی آئی حکومت نے پولیو فری پاکستان کے حوالے سے سب سے بڑا سنگ میل عبور کیا تھا کیونکہ 2021 میں ملک میں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا تھا۔طویل عرصے سے پاکستان کو وائلڈ پولیو وائرس (ڈبلیو وی پی) کے سب سے زیادہ کیسز کے ساتھ پولیو کے برآمد کنندہ کے طور پر سمجھا جارہا تھا۔
پاکستان میں پولیو ویکسین کے بارے میں اب بھی شہریوں میں غلط فہمی پائی جاتی ہے اور بہت سے لوگ اس پر بھروسہ نہیں کرتے جس کی وجہ سے ملک میں پولیو کے خاتمے کی مہمات ناکام ہوتی آئی ہیں ۔
2020میں پاکستان میں پولیو کے 84 کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ افغانستان میں 56 کیسز سامنے آئے ۔واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان آخری دو ممالک تھے جہاں ابھی بھی پولیو وائرس موجود ہے۔ دونوں ممالک میں کامیاب انسداد پولیو مہمات کے نتیجے میں 2021 میں صرف ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا تھا۔