بلاول بھٹو زرداری نے مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی نامزد کر دیا

میئر کا انتخاب 15 جون کو ہونا ہے جبکہ جے آئی اور پی ٹی آئی نے ابھی تک اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیر کے روز سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو شہر قائد کے لیے میئر نامزد کردیا۔

دوسری جانب پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی کے ڈپٹی میئر کے لیے سلمان مراد جبکہ حیدرآباد کے میئر کے لیے کاشف شورو کو نامزد کیا گیا ہے۔

کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو برتری حاصل ہے۔

میئر کے انتخابات 15 جون کو ہونے والے ہیں۔ جماعت اسلامی (جے آئی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ابھی تک اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے 

ن لیگ کی سیاست ختم کرنے والی جماعت کرچی کرچی ہوگئی، مریم نواز

انتخابات کے حوالے سے وہی فیصلے کریں گے جو ملکی مفاد میں ہوں گے، مولانا فضل الرحمان

ٹوئٹر پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تمام نامزد امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اب آئیے اگلا راؤنڈ جیتتے ہیں اور لوگوں کی خدمت کرتے ہوئے اپنی بہترین کارکردگی کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔

پہلی بار ہم پر اعتماد کرنے کے لیے حیدرآباد اور کراچی کا خصوصی شکریہ۔ مجھے پورا یقین ہے کہ شورو اور وہاب ہمارے دو عظیم شہروں کے پہلے لیکن آخری پی پی پی کے میئر نہیں ہوں گے۔

گزشتہ ماہ سندھ میں بلدیاتی ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری تھی۔ زیادہ تر نشستوں پر انتخابات جنوری میں ہوئے تھے اور بقیہ نشستوں کے لیے مئی میں انتخابات ہوئے تھے۔

مجموعی طور پر، کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں پی پی پی نے 98 یونین کمیٹیوں (یو سیز) کے ساتھ حاصل کیں، اس کے بعد جماعت اسلامی 89 اور پی ٹی آئی نے 42 نشستیں حاصل کیں تھیں۔

اطلاعات کے مطابق کراچی کی گیارہ میں سے سات یوسیوں سے پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی جبکہ چار یوسی جماعت اسلامی نے حاصل کی۔

پیپلز پارٹی نے حیدرآباد کی چار میں سے دو یونین کونسلوں میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔ پی پی پی نے ان تمام اضلاع میں اکثریت حاصل کی جہاں انتخابات ہوئے تھے۔

جنوری میں کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں انتہائی تاخیر سے ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ مایوس کن رہا تھا۔

ایم کیو ایم کے بائیکاٹ کی وجہ سے کراچی ڈویژن میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ کم رہا تھا۔ تاہم نتائج کے اعلان میں تاخیر نے انتخابی عمل کی شفافیت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑے کردیئے تھے۔

جیسا کہ انتخابات کے نتائج کے بعد جے آئی اور پی پی پی نے انتخابات میں اپنی اپنی جیت کے دعوے کیے ہیں ، وہیں دوسری جانب ایم کیو ایم-پی نے کہا کہ ‘ووٹر ٹرن آؤٹ کا کم آنا’ انتخابات کے بائیکاٹ کے فیصلے کی فتح ہے۔

مرتضیٰ وہاب

بلاول بھٹو زرداری کے نامزد میئر کراچی مرتضیٰ وہاب 2021 سے گزشتہ سال ستمبر میں مستعفی ہونے تک ایڈمنسٹریٹر کراچی رہے ہیں۔

وہ اس وقت وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر