بغیر اجازت اشتہار میں تصویر کیوں لگائی، خاتون کا وزارت خزانہ کو نوٹس

خاتون کے وکیل کے مطابق "کامیاب جوان پروگرام" کے اشتہار بلا اجازت تصویر کا استعمال کرکے انہیں قرضہ دہندہ ظاہر کیا گیا۔

"کامیاب جوان پروگرام” میں بغیر اجازت کے تصویر لگانے پر اسلام آباد کی رہائشی خاتون قراۃ العین نے وزارت خزانہ کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔ اشتہار میں خاتون کی تصویر لگا کر انہیں قرض حاصل کرنے والی شخصیت ظاہر کیا گیا ہے۔

نوٹس میں ان کے وکیل نے موکلہ کی جانب سے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ "کامیاب جوان پروگرام” کے اشتہار میں وزارت خزانہ نے 4 اکتوبر کو اخبارات میں اشتہار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

مرحومہ کلثوم نواز کو ویکسین لگنے کی خبر کیوں دی، صحافی پر مقدمہ درج

وزیراعظم پاناما اور پینڈورا کی تحقیقات کرائیں، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کا مطالبہ

انہوں نے نوٹس میں واضح کیا کہ میری موکلہ نے نے "کامیاب جوان پروگرام” میں کبھی قرضہ نہیں لیا تھا۔ حتیٰ کہ خاتون نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت کبھی قرض کی درخواست تک  نہیں دی۔

کامیاب پاکستان پروگرام کے اشتہار میں خاتون کی تصویر ان کی رضامندی کے بغیر شائع کی گئی اور بلا اجازت تصویر کا استعمال کرکے انہیں قرضہ دہندہ ظاہر کیا گیا۔

کامیاب جوان پروگرام

واضح رہےکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے گزشتہ دنوں "کامیاب جوان پروگرام” کا افتتاح کیا تھا جس کے تحت نوجوانوں کو اپنے کاروبار کے لیے حکومت کی جانب سے آسان شرائط کے تحت اربوں روپے کے قرضے فراہم کیے جانے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ "کامیاب پاکستان پروگرام” شروع کرنے کا مقصد معاشرے کے محروم طبقے کی مالی مشکلات کو ختم کرنا ہے۔ ان کو مالی لحاظ سے بااختیار بنانا ہے۔

شوکت ترین کا بتانا تھا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت ملک کے 37 لاکھ گھرانوں میں 14 سو ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے۔

متعلقہ تحاریر