ٹی 20 ورلڈ کپ کا نیا کنگ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ کا دھڑن تختہ

کینگروز نے کیویز کا دیا ہوا 173 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے جیت کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔ کینگروز نے 173 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ 

آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور کپتان ایرن فنچ نے کیا تاہم ابتدا ہی میں کیویز کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا جب ایرن فنچ 7 گیندوں پر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے ٹیم کو سہارا دیا اور گراؤنڈ کے چاروں جانب شاندار اسٹروکس کھیلے اور اسکور کو 107 رنز پر پہنچایا۔ اس موقع پر ڈیوڈ وارنر 38 گیندوں پر 53 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کی وکٹ ٹرنٹ بولٹ نے حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے کامیاب باؤلر ٹرنٹ بولٹ رہے انہوں نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیے

ویرات کوہلی کے مقابلے میں بابر اعظم تحمل مزاج ہیں، میتھیو ہیڈن

فاسٹ باؤلر حسن علی اسٹار ہیں اسٹار ہی رہیں گے

اس سے قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے تھے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 173 رنز کا ہدف دیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپتل اور ڈیرل مچل نے کیا اور اسکور کو 28 رنز تک پہنچایا ۔ اس موقع پر ڈیرل مچل 8 گیندوں پر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔ نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 76 کے مجموعی اسکور پر گری جب مارٹن گپتل 35 گیندوں پر 28 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 144 رنز کے مجموعے پر نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ پویلین لوٹ گئی۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کین ولیمسن تھے جنہوں نے 48 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دھواں دھار 85 رنز اسکور کیے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ایڈم زمپا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

آسٹریلیا کے کپتان ایرن فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

اسکواڈز

آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کی قیادت کپتان ایرن فنچ کررہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر ، مچل مارش ، گلین میکسویل ، اسٹیو سمتھ ، مارکس سٹونس ، میتھیو ویڈ ، پیٹ کومنس ، مچل اسٹارک ، ایڈم زمپا اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کی قیادت کین ولیمسن کررہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مارٹن گپتل ، ڈیرل مچل، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، ایڈم ملنے، ٹم ساؤتھی، ایش سودھی اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

متعلقہ تحاریر