بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی پاکستانی کمپنی میں سرمایہ کاری

بل گیٹس کی تنظیم نے سسٹمز لمیٹڈ میں سرمایہ کاری کی، ون لوڈ پروگرام کے ڈیجیٹائزیشن منصوبوں میں مدد ملے گی۔

پاکستان کی صف اول کی آئی ٹی کمپنی سسٹمز لمیٹڈ نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی دلچسپی حاصل کرلی ہے، سسٹمز لمیٹڈ نے ادائیگیوں کے نظام کے لیے ڈیجیٹائزیشن کا منصوبہ شروع کیا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے جاری کردہ بیان کے مطابق سسٹمز لمیٹڈ نے بتایا ہے کہ اس کے ذیلی ادارے ای-پراسیسنگ سسٹمز بی وی میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے سرمایہ کاری کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

آن لائن جعلسازی سے کیسے بچا جائے؟

پی سی بی کا شائقین کرکٹ کے لیے آن لائن مرچنڈائز اسٹور متعارف کرانے کا فیصلہ

پاکستانی اسٹارٹ اپ کی اس کامیابی پر وزیراعظم کے مشیر برائے کامرس اور سرمایہ کاری رزاق داؤد نے ٹویٹ کرتے ہوئے مبارک باد دی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنے پاکستانی آئی ٹی انٹریپرینیورز پر اعتماد کیا ہے اور یہ اعتراف ان کی قابلیت کی عالمی سطح پر قبولیت کا مظہر ہے۔

بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی سرمایہ کاری oneload کے پروگرام میں مدد دے گی جس کے تحت دیہی علاقوں کے تاجروں کو ڈیجیٹل سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔

مزید برآں اس پروگرام کے ذریعے کم آمدنی والے افراد کے درمیان ڈیجیٹل ٹرانزیکشن اور بینکنگ نظام استعمال نہ کرنے والے افراد کو مالیاتی خدمات فراہم کرنے میں مدد دی جائے گی۔

یاد رہے کہ oneload ای-پراسیسنگ سسٹمز کی ملکیت ہے اور اسی کے زیرانتظام کام کرتا ہے، oneload مائیکرو ریٹیلر ڈیجیٹائزیشن اور پیمنٹ پلیٹ فارم ہے جسے پاکستان بھر میں 50 ہزار چھوٹے دکاندار استعمال کر رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر