پیٹرولیم ڈیلرز کی جزوی ہڑتال جاری، اصل مطالبہ منافع کا مارجن بڑھانا
اوگرا حکام نے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ریٹیل آؤٹ لیٹس پر تیل کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ملک بھر کے پیٹرول پمپس مالکان کی جانب سے جزوی ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل مارجن میں 25.20 فیصد اضافہ نہ کرنے پر آج سے مکمل ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے کہا ہے کہ "ملک بھر پی ایس او کے پمپس ، HESCO، GO اور SHELL کے کمپنی اپریٹڈ پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رہے گی، جبکہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نعمان بٹ نے کہا ہے کہ ڈیلر مارجن نہ بڑھانے تک ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر ہڑتال رہے گی۔
یہ بھی پڑھیے
پی ایس ایکس میں مندی، 100انڈیکس میں 584 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ
وفاقی حکومت کا نجی بجلی گھروں کو 134 ارب روپے کی ادائیگیوں کا فیصلہ
اوگرا حکام نے پیٹرول پمپس پر تیل کی سپلائی میں خلل ڈالنے کی اطلاعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی تکلیف اور تیل سپلائی تعطل میں ملوث افراد سے اوگرا قوانین کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔
ملک میں کل پی ایس او کے پمپس اور HESCO,GO اورSHELLکے کمپنی اپریٹڈ پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رہے گی pic.twitter.com/9l33M7n0sc
— Ministry of Energy (@MoWP15) November 24, 2021
اوگرا حکام نے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ریٹیل آؤٹ لیٹس پر تیل کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ڈیلر مارجن میں اضافے کی بنیاد پر سپلائی میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان اوگرا کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے انفورسمنٹ ٹیمیں اسے یقینی بنانے کے لیے موجود ہیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کے صوبائی انٹیلی جنس سینٹر (پی آئی سی) نے بدھ کے روز سیکریٹری پیٹرولیم کو ایک ہنگامی پیغام میں کہا تھا کہ وہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سے رابطہ کریں اور اسے ہڑتال پر جانے سے روکنے میں کردار ادا کریں۔ پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں POL مصنوعات کی عدم دستیابی معاملات زندگی بالکل ٹھپ ہوکر رہ جائے گی۔
پراونشل انٹیلی جنس سینٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے پیٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ افسر کے ساتھ اس مسئلے کو اٹھایا، ان پر زور دیا کہ وہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کو بات چیت کے ذریعے قائل کریں اور انہیں ہڑتال موخر کرنے پر آمادہ کریں۔
ادھر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل نعمان بٹ نے کہا ہے کہ حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم ابھی تک کسی حکومتی عہدیدار نے ہم سے رابطہ نہیں کیا ہے۔
سیکریٹری جنرل نعمان بٹ نے کہا ہے کہ آج ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے اور یہ ہڑتال جب تک جاری رہے گی جب تک ڈیلر مارجن 6 فیصد نہیں کیا جائے گا۔
پیٹرولیم مصنوعات اور ڈیلرز مارجن
پٹرول پر موجودہ ڈیلرز کا مارجن 3.91 روپے فی لیٹر ہے اور ایسوسی ایشن چاہتی ہے کہ یہ 4.90 روپے ہو۔ اسی طرح ڈیزل پر ڈیلرز کا مارجن 3.30 روپے فی لیٹر ہے اور ڈیلرز ایسوسی ایشن 4.13 روپے تک اضافے کی خواہاں ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے سمری کی شکل میں ای سی سی کو بھیجا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرول اور ڈیزل پر سمری میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (OMCs) کے اوپر والے مارجن میں 23.32 فیصد اضافے کی سفارش کی ہے، جو کہ موجودہ 2.97 روپے سے بڑھ کر فی لیٹر 3.68 روپے ہو جائے گا۔