نواز شریف کیخلاف پلاٹ الاٹمنٹ کیس بند ہونے کی خبریں بےبنیاد، نیب

دی نیوز میں خبر شائع ہوئی کہ نیب لاہور نے ایل ڈی اے الاٹمنٹ انکوائری بند کرنے کیلیے مراسلہ چیئرمین کو بھیج دیا ہے، نیب نے خبر کی تردید کردی۔

نیب نے دی نیوز میں شائع ہونے والی خبر کو بے بنیاد قرار دے دیا، جنگ گروپ کے انگریزی اخبار دی نیوز میں خبر شائع ہوئی تھی کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ایل ڈی اے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا کیس بند کردیا گیا ہے۔

نیب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق نواز شریف کی جانب سے ایل ڈی اے پلاٹس کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے کیس کی تاحال نیب لاہور ریجن میں انکوائری جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ڈی جی نیب لاہور کی تقرری چیلنج کروں گا، بیرسٹر ظفر اللہ

شکیل الرحمان کی بریت کی درخواست پر نیب سے جواب طلب

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ غلط رپورٹنگ کرکے اس قسم کی بےبنیاد معلومات عوام تک پہنچانا ناصرف ناجائز ہے بلکہ نیب کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم کا حصہ ہے۔

نیب امید کرتا ہے کہ آئندہ سے ذمہ دارانہ صحافت کرتے ہوئے نیب سے متعلقہ خبروں کو شائع یا نشر کرنے سے قبل نیب ترجمان سے موقف لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ دی نیوز میں آج نعمان وہاب نامی رپورٹر کی خبر شائع ہوئی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ نیب لاہور نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور 13 دیگر ملزمان پر لاہور ڈیولیپمنٹ اتھارٹی کے پلاٹس کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا کیس بند کردیا ہے۔

خبر میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ کیس عدم شواہد کی وجہ سے بند کیا گیا ہے، ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے اس حوالے سے چیئرمین نیب کو ایک تحریری مراسلہ ارسال کیا ہے۔

دی نیوز کے مطابق سابق ڈی جی نے یہ مراسلہ تفتیشی ٹیم اور پراسیکیوشن ونگ کی رپورٹس کی روشنی میں تیار کیا جس میں کہا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا۔

اس حوالے سے حتمی فیصلہ چیئرمین نیب کی زیرصدارت ہونے والی ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ میں کیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر