وزیر صحت پنجاب کا نواز شریف فیملی کے لیے ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کا اعلان

ڈاکٹر یاسمین راشد وزیر صحت پنجاب کے مطابق نیا پاکستان ہیلتھ پروگرام سے پنجاب کے 30 ملین خاندان مستفید ہوں گے۔

پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ نادرا کے ساتھ رجسٹرڈ خاندان کے صرف سربراہ کو صحت انصاف کارڈ ملے گا، جو پورے خاندان کا احاطہ کرے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یاسمین راشد نے خاندان کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ ہیلتھ انشورنس سے فائدہ اٹھانے کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں خود کو رجسٹرڈ کرائیں۔

یہ بھی پڑھیے

وفاقی وزیر اسد عمر نے اومی کرون سے متعلق خطرے کی گھنٹی بجا دی

فروری میں کورونا کی پانچویں لہر آسکتی ہے، محکمہ صحت نے خبردار کردیا

صوبائی وزیر صحت پنجاب نے بتایا کہ اس سلسلے میں ہر تحصیل میں اسسٹنٹ کمشنرز (ACs) کے دفاتر میں ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو ابھی تک ہیلتھ کارڈ نہیں ملے ہیں وہ، وہ لوگ ہیں جنہوں نے خود کو ابھی رجسٹر نہیں کرایا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ کے تمام طبی سہولیات ان ڈور میسر ہوں گی جن میں بڑی بیماریوں کا علاج بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ سے متعلق تمام تفصیلات مخصوص موبائل ایپلیکیشن پر دستیاب ہیں۔

وزیر نے کہا کہ لاہور ڈویژن میں تقریباً 133 سرکاری اور نجی اسپتال ہیلتھ کارڈ پینل پر ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران بات کو بڑھاتے ہوئے وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نواز شریف فیملی کو بھی ہیلتھ کارڈ فراہم کرے گی۔

14 دسمبر 2021 کو وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے تمام شہریوں کے لیے ہیلتھ انشورنس فراہم کرنے کے لیے ایک پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد وزیر صحت پنجاب کے مطابق نیا پاکستان ہیلتھ پروگرام سے پنجاب کے 30 ملین خاندان مستفید ہوں گے۔ ہر خاندان ایک سال میں کسی بھی نجی یا سرکاری اسپتال سے 10 لاکھ روپے تک کا علاج کروا سکے گا۔

خیبرپختونخوا میں اسکیم کے کامیابی سے شروع ہونے کے بعد پنجاب پبلک ہیلتھ انشورنس فراہم کرنے والا دوسرا صوبہ ہے۔

ڈآکٹر یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ہیلتھ سیکٹر میں 25 ہزار نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ مارچ 2022 تک صوبے کی تمام آبادی کو صحت کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کی ویب سائٹ پر ہیلتھ کارڈ کے حصول کے عمل سے متعلق بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے مزید کہا کہ وہ خود کو COVID-19 کے خلاف ویکسین لگوائیں اور کہا کہ پنجاب کی 51 فیصد آبادی ویکسین کی دو خوراکیں حاصل کرچکی ہے۔ جبکہ 71 فیصد کو پہلی خوراک ملی ہے۔

متعلقہ تحاریر