کراچی میں ڈاکو راج،نوبیاہتانوجوان سمیت3افراد قتل

کشمیر روڈ پر شاہ رخ کو گھر کی دہلیز پر ماں اور بہن کے سامنے قتل کیاگیا، کلفٹن میں سی پی ایل سی چیف کے برادرنسبتی کو 73 لاکھ روپے لوٹنے کےبعد گولی ماردی گئی، کراچی پولیس چیف کانوٹس

کراچی میں ڈاکو راج قائم ہوگیا۔ شہر میں ایک دن میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پر نوجوان دلہا اور سی پی ایل سی چیف کے برادر نسبتی سمیت 3افراد کوقتل کردیاگیا،ایک خاتون زخمی ہوگئی۔لٹیرے 73لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے۔

بدھ کو کراچی کے علاقے  پی ای سی ایچ ایس میں کشمیر روڈپر اسپورٹس کمپلیکس  کے قریب ایک گھر کے باہر ڈکیتی کے دوران مزاحمت  پر ایک ملزم کی فائرنگ سے نوبیاہتا نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی والے2021 میں روزانہ کتنی موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں سےمحروم ہوئے؟

کسٹم حکام کی طور خم بارڈر پر کارروائی، 1 بلین کی منشیات برآمد

 

مقتول شاہ رخ کا ایک دن قبل ولیمہ ہوا تھا

مقتول کی شناخت شاہ رخ کے نام سے ہوئی ۔مقتول اور اس کے بھائی  کی تین روز قبل ہی شادی ہوئی تھی۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس نے اس واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں باآسانی دیکھا جاسکتا ہے کہ مقتول شاہ رخ کی والدہ اور بہن اپنے گھر کے باہر رکشے سے اتریں، جہاں ان کا پیچھا کرنے والے  مسلح ڈاکو نے ان کے طلائی زیورات چھیننے کی کوشش کی۔ اسی دوران ایک خاتون نے کئی مرتبہ گھر کی گھنٹی بجائے جس پر نوجوان شاہ رخ باہر آیا اورفوراً ہی  ڈاکو پر جھپٹا تاہم ڈاکو  نے فائر کھول  دیا۔واردات کے وقت سامنے والے گھر سے نکلنے والے سیکیورٹی گارڈ نے بھی خواتین کی کوئی مدد نہیں کی اوراکیلا ڈاکو نوجوان کو زخمی کرنے کے بعد بآسانی فرار ہوگیا۔

زخمی شاہ رخ کو فوری طور پراسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبرنہ ہوسکا۔بعدا زاں لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔ اطلاعات کے مطابق مقتول 4بھائیوں اور 3بہنوں میں سب سے چھوٹا تھا اور کشمیر روڈ پرواقع کار  شو روم کا مالک تھا ۔ مقتول اور اس کے بھائی کی 3روز قبل شادی ہوئی تھی اور واردات سے ایک دن قبل ہی ولیمہ ہوا تھا ۔نوبیاہتا شاہ رخ کی اچانک موت پر گھر میں کہرام مچ گیا ہے۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ہندوتاجر ویربان فلیٹ کا سودا کرنے منگل کوڈہرکی سے کراچی آیا تھا

بدھ کی سہ پہر کلفٹن کے علاقے میں مسلح ڈاکوؤں نے ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوان تاجر کو قتل کرکے 73 لاکھ روپے لوٹ لیے ۔ڈی آئی جی  جنوبی شرجیل کھرل  کے مطابق 35 سالہ ویربان ولد سمر داس نے کلفٹن میں شون سرکل کے قریب ایک نجی بینک کی برانچ سے 73   لاکھ روپے روپے نکالے تھے۔ مقتول بینک سے نکل کر اپنے بھائی کے ساتھ کا ر میں جارہا تھا  اور  گل احمد اسٹور کے پاس دو موٹرسائیکلوں پر سوار3 ڈاکوؤں نے انہیں روک کر اس سے نقدی چھین لی۔

اس دوران تاجر نے مزاحمت کرنے کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے اس پر فائرنگ کر دی اور فرار ہوگئے۔زخمی تاجر کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیاگیاجہاں دوران علاج اس کی موت واقع ہوگئی، جناح اسپتال کی ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بتایا کہ  مقتول کو پیٹ میں ایک گولی لگی تھی۔ڈی آئی جی نے بتایا کہ متوفی سی پی ایل سی سٹی چیف سریش کا برادرنسبتی تھا اور فلیٹ کی خریدای کیلیے منگل کو ڈہرکی سے کراچی آیا تھا اور غالباً اس نے اسی ڈیل کے لیے نقد رقم نکالی تھی۔ڈی آئی  جی نے جائے وقوعہ کا بغور معائنہ کیا اور سیکورٹی کیمروں کی جانچ کی۔  ڈی آئی جی  کے مطابق گاڑی کو کوئی نقصان نہیں پہنچاصرف ڈرائیونگ سائڈ کے دروازے کا شیشہ ٹوٹا ہے۔

ایس پی کلفٹن  نے جائے واردات  اور ڈاکوؤں کے فرار ہونے کے وقت کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ چیک کی۔ ایس ایس پی جنوبی زبیر نذیر شیخ  کے مطابق تفتیش کاروں کو قاتلوں کے بارے میں سراغ مل گئے  ہیں جن کی جدید طریقہ  کار سے تفتیش کی جارہی ہے ۔پولیس کے مطابق ڈاکو بغیر ماسک کے تھے اور ان کے چہرے پہچانے جاسکتے ہیں۔

سپرہائی وے پر 55سالہ عبدالقدیر کو قتل کرنے والا ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار

بدھ کی شام  سچل تھانے کی حدود سپر ہائی وے براق پمپ منی بس اسٹاپ کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے معمر شخص کو زخمی کر دیا، جسے عباسی اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں دم توڑ دیا۔ اسپتال میں مقتول کی شناخت 55 سالہ عبدالقدیر ولد شمس داد کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا ہے ۔پولیس نے واردات میں ملوث ایک ملزم کو مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ سچل پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت 30 سالہ سمیع اللہ کے نام سے ہوئی  ہے جبکہ  اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد کر لیا۔

کورنگی میں اے ٹی ایم سے نکلنے والی لڑکی مزاحمت پر زخمی

ضلع کورنگی کے تھانے زمان ٹاؤن کی حدود سیکٹر ایف بھٹائی کالونی شمیم مسجد کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ڈاکوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے خاتون کو زخمی کر دیا ، جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں اس   کی شناخت 20 سالہ یمیر ادختر ایوب کے نام سے ہوئی ۔ خاتون اے ٹی ایم سے رقم نکال کرجارہی تھی کہ  تھوڑے فاصلہ پر ایک موٹر سائیکل پر سوار 2ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر پرس چھینے کے دوران مزاحمت پراسے  گولی ماردی ۔

کراچی پولیس چیف نے اسٹریٹ کرائمز کا نوٹس لے لیا

 کراچی پولیس کے سربراہ عمران یعقوب منہاس نے شہر میں اسٹریٹ کرائمز کا نوٹس لیتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ پولیس کو ہدایت کی گئی کہ تاجر کے قاتلوں اور دیگر دو افراد کی فوری گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

متعلقہ تحاریر