لی مارکیٹ میں پولیس کا چھاپہ: نیٹو کا دفن شدہ اسلحہ برآمد
ہتھیاروں میں طیارہ شکن، ٹینک شکن سمیت دیگر جدید ترین گنیں شامل ہے تاہم اسلحہ زنگ آلود ہوچکا ہے
کراچی کے علاقے اولڈ سٹی ایریا لی مارکیٹ میں سینٹرل پولیس نے رہائشی عمارت پر چھاپہ مار کر زیر زمین چھپایا گیا نیٹو کے جنگی ہتھیاروں کی بڑی کھیپ پکڑی لی ہے، دفن شدہ اسلحے میں طيارہ شکن،ٹينک شکن گنوں سميت ديگرجدید اسلحہ شامل ہے تاہم تمام اسلحہ زنگ آلود ہوچکا ہے۔
سینٹرل پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق خفیہ اطلاعات پر ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ کی زیرنگرانی پولیس نے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب کراچی کے علاقے اولڈ سٹی ایریا لی مارکیٹ میں ایک رہائشی عمارت پر چھاپہ مارا اور عمارت کے تہہ خانے ميں بنائے گئے گودام ميں دفن کيا گيا نیٹو افواج کا جدید ترین جنگی اسلحہ برآمد کرلیا۔
یہ بھی پڑھیے
اربوں ڈالرز کا امریکی جدید اسلحہ اب طالبان استعمال کریں گے
تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کا بیٹا ناجائز اسلحہ کے ساتھ پکڑا گیا
خفیہ اطلاعات پر کئے جانے والے آپریشن میں گودام کا فرش توڑا گیا جس کے بعد نیٹو کے جنگی ہتھیار برآمد ہوئے ، ملنے والے ہتھیاروں میں طیارہ شکن ، ٹینک شکن گنیں شامل ہیں ،برآمد ہونے والے ہتھیاروں کی باقیات میں اینٹی ائیر کرافٹ گن کے پارٹس بھی ملے ہیں تاہم برآمد ہونے والا اسلحہ طویل عرصے تک زیر زمین رہنے کے باعث زنگ آلود ہوچکا ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے نو گھنٹوں کی مسلسل کھدائی کے بعد پانچ فٹ گہرائی میں دفن کیا گیا اسلحہ برآمد کیا ہے تاہم برآمد ہونےو الے اسلحہ کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے ،عمارت کے اطراف میں پولیس اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں ۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جس لی مارکیٹ میں جس مقام سے یہ اسلحہ برآمد کیا گیا ہے یہ گینگ وار اور دیگر سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز کے حوالے سے مشہور تھا ممکنہ طور پر 2013 کے بعد کراچی میں جاری آپریشن کے دوران نیٹو کا یہ اسلحہ یہاں چھپایا گیا تھا۔