قازقستان، ازبکستان اور کرغزستان میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن
تینوں ممالک کا بجلی فراہمی کا نظام ایک دوسرے سے منسلک ہے اور بجلی کی غیرمتوقع کمی روس کے پاور اسٹیشن سے پوری کی جاتی ہے۔
وسط ایشیائی ریاستوں قازقستان، ازبکستان اور کرغزستان کے بڑے شہروں میں آج بجلی کی فراہمی معطل رہی، شہریوں اور حکام کے مطابق قازقستان میں بڑی پاور لائن منقطع ہوجانے کے بعد بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
تینوں سابقہ سوویت ریاستوں کے گرڈز آپس میں جڑے ہوئے ہیں، قازقستان کے ذریعے ان تمام ممالک میں بجلی فراہمی کا نظام روس کے پاور گرڈ سے جڑا ہوا ہے تا کہ غیرمتوقع کمی پوری کرنے کے لیے روسی گرڈ سے سپلائی لی جاسکے۔
یہ بھی پڑھیے
ازبکستان نے عدم ادائیگی پر افغانستان کی بجلی کاٹ دی
نیپرا کا بڑا فیصلہ، KEصارفین کیلیے بجلی کا فی یونٹ 12.96 روپے مقرر
قازقستان کی شمال جنوبی پاور لائن جو کہ گنجان آباد جنوبی قازقستان اور دو پڑوسی ممالک کو شمالی قازقستان اور روسی نیٹ ورک کے پاور اسٹیشنز سے جوڑتی ہے وہ آج صبح عدم توازن کی وجہ سے منقطع ہوگئی۔
بلیک آؤٹ کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک افراتفری کی صورتحال رہی، بجلی سے چلنے والی زیر زمین ٹرینیں ٹنلز میں پھنسی رہیں جبکہ چیئر لفٹس بھی بند ہوگئیں، ایئرپورٹس پر بھی کام متاثر ہوا، ضلعی سطح پر پانی کے پمپس نہ چل سکے اور ٹریفک لائٹس بھی بند رہیں۔
تینوں ممالک میں سے کسی بھی ملک نے نہیں بتایا کہ کس کے پاور اسٹیشن میں مسئلہ تھا جس کی وجہ سے پوری سپلائی لائن ہی معطل ہوگئی۔
قازقستان کے سب سے بڑے شہر الماتے اور دیگر جنوبی شہر جو کہ ازبک اور کرغز سرحد سے لگتے ہیں ان کی بجلی سپلائی معطل رہی۔
ازبک دارالحکومت تاشقند نے مختصر وقت کیلیے پروازوں کا داخلہ روک دیا، ازبکستان اور کرغزستان کے حاکم نے کہا کہ وہ ایمرجنسی شٹ ڈاؤن کے بعد پاور پلانٹس کو دوبارہ چلا رہے ہیں لیکن ابتدائی طور پر وسط ایشیائی گرڈ سے منقطع ہی رہیں گے۔









