گلیڈی ایٹرز کو دھچکہ،حسنین کا بولنگ ایکشن غیرقانونی قرار

 باؤنسر ،سلو باؤنسر ، گڈ لینتھ اور فل لینتھ بال کرتے وقت حسنین کی کہنی کا خم 15ڈگری کی حد سےتجاوز کرتا ہے، کرکٹ آسٹریلیا کی رپورٹ،فاسٹ بولر پی ایس ایل سے باہر

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دھچکہ ،فاسٹ بولر محمد حسنین کا بولنگ ایکشن مشکوک غیرقانونی قرار دیدیا گیا۔ محمد حسنین کے اسسمنٹ ٹیسٹ  کے حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا  کی باضابطہ اور مفصل رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کو موصول ہوگئی۔

ایکشن کلیئر ہونے تک محمد حسنین بین الاقوامی کرکٹ سمیت پی ایس ایل میں بھی نہیں کھیل سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل کی تاریخ میں لاہور قلندرز کی پہلی مرتبہ مسلسل دو فتوحات

سلمان بٹ اور سرفراز احمد میں سوشل میڈیا پر جنگ چھڑ گئی

پی سی بی کے جاری کردہ بیان کے مطابق  رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محمد حسنین  باؤنسر ،سلو باؤنسر ، گڈ لینتھ اور فل لینتھ پر بال کرتے ہیں تو ان کی کہنی کا خم 15ڈگری کی حد سےتجاوز کرتا ہے۔

بیان کے مطابق پی سی بی نے رپورٹ پر اپنے ماہرین سے بات کی ہے اور اسے یقین ہے کہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ پی سی بی اب ایک بولنگ کنسلٹنٹ کا تقرر کرے گا جو محمد حسنین کے ساتھ کام کرے گا تاکہ وہ اپنے باؤلنگ ایکشن کو درست کر سکیں اور دوبارہ ٹیسٹ  کے لیے تیار ہوں۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ محمد حسنین پاکستان کے لیے ایک اثاثہ ہیں اور 145کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنے والے بہت کم بولرز میں سے ایک ہیں۔ لہٰذا اپنے مستقبل اور پاکستان کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے  پی سی بی نے   پی ایس ایل  کی ٹیکنیکل کمیٹی کی سفارش پر فیصلہ کیا ہے کہ  محمد حسنین کو پاکستان سپر لیگ سیزن 7 میں شرکت جاری رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کھیلنے کے  بجائے  محمد حسنین پی سی بی کے مقرر کردہ بولنگ کنسلٹنٹ کے ساتھ اپنے بولنگ ایکشن پر کام کریں گے تاکہ وہ دوبارہ ٹیسٹ کے لیے درخواست دے سکیں اور عملی طور پر جلد از جلد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے اہل بن سکیں۔

غیر قانونی بولنگ ایکشن کے قوائد  کے مطابق محمد حسنین جب تک اپنا ایکشن درست نہیں کرلیتے، وہ بین الاقوامی کرکٹ میں بولنگ سے معطل رہیں گے۔ واضح رہے کہ محمد حسنین پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کررہے تھے۔

متعلقہ تحاریر