آزاد کشمیر میں جنگلی حیات پر حیات تنگ،ایک ماہ میں دوسرا تیندوا قتل
آزاد کشمیر کے جنگلات میں جنگلی حیات کے لیے حیات تنگ ہونے لگی۔ ہٹیاں بالا میں خوراک کی تلاش میں آبادی کا رخ کرنے والے تیندوے کو شہریوں نے پتھر برسا کر ہلاک کردیا۔
خوراک کی تلاش میں تیندوا ہٹیاں بالا میں نواحی گاوں سرائی میں پہنچا جہاں ایک گھرمیں موجود ایک خاتون اورمرد کوزخمی کیا،علاقہ مکینوں کے شور مچانے پر تیندوا قریبی جھاڑیوں میں جا چھپا۔
یہ بھی پڑھیے
مظفر آباد میں زخمی حالت میں ملنے والا تیندوا مر گیا
کراچی کے سرکس سے نایاب جنگلی جانور برآمد
اہل علاقہ نے چیتے کی تلاش شروع کردی اور جب اسے ایک کھائی میں چھپے دیکھا تو اس پر پتھر برسائے، چیتے کوکئی پتھر لگے جس کے باعث وہ زخمی ہوگیا۔
پولیس اور وائلڈ لائف اہل کاروں کی موجودگی کے باوجود مشتعل افراد تیندوے پرپتھربرساتے رہےاور اہلکاروں کی ایک نہ سنی اور تیندوے کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔ رواں موسم سرما میں آزادکشمیر میں شہریوں کے ہاتھوں تیندوے کی ہلاکت کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔
اس سے پہلے 22 جنوری کو بھی آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کے قریب مادہ چیتا کو کارتوس کے فائر سے مار دیا گیا تھا۔ مشتعل افراد کا موقف ہے کہ چیتے اور خون خوار جنگلی حیات آبادیوں کا رخ کر رہی ہیں جس کے باعث انہیں مارنا مجبوری ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف اور دیگر متعلقہ محکمے ان چیتوں کی رجسٹریشن کرکے ان کی خوراک کا بندوست کریں اور اس سلسلے میں عالمی وائلڈ لائف اداروں سے معاونت حاصل کریں۔