خیبر پختون خوا کے ضمنی بلدیاتی انتخابات ، تحریک انصاف کی واپسی
پی ٹی آئی کے امیدوار عمر امین گنڈاپور نے کے پی کے بلدیاتی انتخابات کے ضمنی الیکشن میں ڈیرہ اسماعیل خان سٹی میئر کی نشست پر کامیابی حاصل کرکے جے یو آئی (ف) کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے
خیبر پختون خوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے زبردست طریقے سے کم بیک کیا ہے۔ رواں ماہ سات فروری کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نااہل قرار دیئے جانے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیداوار عمر امین گنڈاپور نے ڈیرہ اسماعیل خان سٹی میئر کی نشست پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار کفیل نظامی کو واضح اکثریت سے شکست دے کر میئرشپ حاصل کرلی ہے۔ عمر امین گنڈاپور کی کامیابی پر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا گھر سنبھل نہیں رہا چلے ہیں مولانا حکومت گرانے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین گنڈاپور کو خیبر پختون خوا (کے پی کے) کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ضمنی انتخابات کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
مرتضیٰ وہاب کو نیوز ون چینل کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دورہ مہنگا پڑ گیا
کیا شہباز اور مولانا ، چوہدری برادران کو منانے میں کامیاب ہو پائیں گے؟
الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور پر بھی پابندی عائد کی تھی کہ وہ ڈیرہ اسماعیل خان جاسکتے ہیں مگر انتخابی مہم میں شرکت نہیں کریں گے۔
تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے 11 فروری کے فیصلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے عمر امین گنڈاپور کو انتخابات کے لیے اہل قرار دے دیا تھا۔
نیوز 360 کو ملنے والے فارم 17 کے رزلٹ کے مطابق ، ڈیرہ سٹی کے میئر الیکشن کے تمام 296 پولنگ اسٹیشنز سے موصول غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین گنڈاپور نے میدان مار لیا ہے۔
غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار عمر امین گنڈاپور نے اپنے مخالفین کو پچھاڑتے ہوئے 63 ہزار 753 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار کفیل نظامی نے 38 ہزار 891 ووٹ حاصل کیے ہیں ، پاکستان پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی کو 32 ہزار 788 ووٹ پڑے ہیں جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار شفیق قصوریہ کو 11 ہزار 665 ووٹ ملے ہیں۔
اس کے علاوہ پشاور سٹی کے میئر کے انتخاب میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار زبیر علی نے چھ پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کے بعد اپنی برتری برقرار رکھی ہے۔
عمر امین گنڈاپور کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” غیر حتمی نتیجے کے مطابق عمر امین گنڈاپور ہر پولنگ سٹیشن سے جیت رہے ہیں۔”
غیر حتمی نتیجے کے مطابق عمر امین گنڈاپور ہر پولنگ سٹیشن سے جیت رہے ہیں۔
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) February 13, 2022
عمر امین گنڈاپور کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اس عمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” گھر سنبھل نہیں رہا اور مولانا حکومت گرانے نکلے ہیں. پہلے جنرل الیکشن اور اب مقامی حکومت الیکشن میں تحریک انصاف کے ہاتھوں گھر کے حلقے میں شکست. زبردست علی امین گنڈاپور۔ چھا گیا چیتا۔”
گھر سنبھل نہیں رہا اور مولانا حکومت گرانے نکلے ہیں. پہلے جنرل الیکشن اور اب مقامی حکومت الیکشن میں تحریک انصاف کے ہاتھوں گھر کے حلقے میں شکست. زبردست علی امین گنڈاپور. چھا گیا چیتا
— Asad Umar (@Asad_Umar) February 13, 2022