ہمیں عمران خان کے گناہوں کا ٹوکرا اٹھانے کی ضرورت نہیں، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا ہے الیکشن ہی مسائل کا حل ہے ، کیونکہ کولیشن حکومت بڑے فیصلے نہیں کرسکتی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کا کہنا ہے موجودہ حکومت کو عمران خان کے چار سال کے گناہوں کو ٹوکرا نہیں اٹھانا چاہیے، الیکشن ہی مسائل کا حل ہے ، چور عمران خان اور اس کے اردگرد والے لوگ ہیں ، سابق وزیر اطلاعات نے اپنے رشتے داروں کو ملازمتوں پر لگوا دیا۔

ان خیالات کا اظہار مریم نواز نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا عمران خان چار سالوں میں پاکستان کو 400 سال پیچھے لے گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محدود مدت کے لیے آنے والی حکومت بڑے فیصلے نہیں کرسکتی ہے ، عمران خان کو عوام میں جانے دیں عوام اس کو بتائیں گے کہ مہنگائی تمہاری وجہ سے ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

نئے انتخابات ، مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی ترجیحات الگ الگ

ایبٹ آباد اور جہلم میں بڑے جلسے، عمران خان نے مقتدر قوتوں کو پیغام دے دیا

ان کا کہنا تھا چار ہفتے قبل عمران خان کے وزراء کہتے تھے دنیا میں مہنگائی ہے ، پاکستان میں نہیں ہے۔ آج ان کو اچانک مہنگائی یاد آگئی ہے۔ لوگ جانتے ہیں ڈالر مہنگا اور اسٹاک ایکسچینج کی تباہی آپ کی وجہ سے ہوئی ۔ اناڑی کو اٹھا کر اقتدار پر بٹھاتے ہیں تو کیا توقع کی جاسکتی ہے۔ جب پوچھو آٹا ، چینی اور ادوایات کیوں مہنگی ہوئیں تو کہتا ہے کہ خط آگیا تھا سازش ہو گئی تھی ، سازش نہیں ہوئی تمہارے پاس عوام کو بتانے کے لیے کچھ نہیں ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا عمران خان کہتے ہیں وہ خطرناک ہو جائیں گے ،  قوم سے روٹی ، کپڑا ، چینی اور ادوایات چھین لیں وہ خطرناک نہیں تو اور کیا تھا۔ لوگ جانتے ہیں مہنگائی اور معیشت کی تباہی آپ کی وجہ سے ہے ،

نیب پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا نیب عدالت میں کوئی بوت پیش نہیں کرسکا ، نیب کے پاس ثبوت ہوتے تو ججز کے ٹیبل پر ہوتے ۔ نیب کے پاس ثبوت ہوتے تو 10 ماہ کا عرصہ بہت بڑا عرصہ ہوتا ہے ، جب سے کرسی ہلی ہے تب سے نیب کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ سے میری درخواست ہے ، نیب خیر کررہا ہے تو بطور شہری مجھے حقوق دیئے جائیں ، میرے خلاف ثبوت ہیں تو مجھے سزا دی جائے ۔ چیف جسٹس سے درخواست نیب کی تاخیر کا نوٹس لیا جائے ، اگر میں نے کوئی غلط کام کیا ہے تو مجھے ٹانگ دیا جائے ، اگر نیب ثبوت نہ دے تو اسے کٹہرے میں لیا جائے ، نیب پولیٹیکل انجینیئرنگ کررہا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی کا کہنا تھا جب چار سال کی کارکردگی دکھانے کو نہ ہو تو مراسلے اور سازش کی ضرورت پیش آتی ہے، عمران خان کی شکل میں سب سے بڑی سازش پاکستان کے خلاف ہوئی ۔ جتنی سازش عمران خان نے پاکستان کے خلاف کی کسی غیرملکی نے بھی نہیں۔

متعلقہ تحاریر