شاہراہ فیصل کراچی پر نامعلوم مسلح ملزمان کی گاڑی پر فائرنگ، 4 افراد زخمی
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا لگتا ہے ، تمام افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل پر فائرنگ سے 4 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں ، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی معروف سڑک شاہراہ فیصل پر نامعلوم افراد کی جانب سے نجی ہوٹل کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر 61 افراد قتل، 289 زخمی ہوگئے
سندھ حکومت نے مویشی منڈی ناردرن بائی پاس منتقل کرکے عوام کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا
فائرنگ کے فوری بعد کراچی پولیس ، رینجرز اور ریسکیو ٹیموں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ، تاہم حملہ آور فائرنگ کے بعد آسانی سے فرار ہو گئے۔
پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ریسکیو ٹیموں نے زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا ہے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ نامعلوم افراد کی جانب سے گاڑی پر کی گئی ہے ، ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا لگتا ہے ، تمام افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد کی شناخت عدیل ولد جہانزیب عمر 26 سال، شعیب ولد محمد مقبول عمر 40 سال، غلام نبی ولد نامعلوم عمر 40 سال ، نامعلوم ولد نامعلوم عمر 45 سالہ سے ہوئی ہے۔