یونان کشتی سانحہ: پولیس کی وہاڑی میں کارروائی، ایک اور اہم انسانی اسمگلر گرفتار

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی۔ رانا ثناء اللہ نے سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایات کے بعد پولیس نے منگل کے روز یونانی کشتی سانحے میں ملوث ایک اور اہم انسانی اسمگلر ممتاز آرائیں کو گرفتار کر لیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے یونان کے ساحل پر تارکین وطن سے بھری کشتی الٹنے سے 600 سے زائد تارکین وطن ہلاک ہو گئے تھے جن میں سے 300 سے زائد پاکستانی بھی تھے۔

یہ بھی پڑھیے

کسٹمز انٹیلی جنس نے 30.3 کروڑ روپے مالیت کی اسمگل شدہ سگریٹس پکڑلیں

شاہین صہبائی، وجاہت سعید، عادل راجا سمیت 25 افراد پر غداری کا مقدمہ درج

پولیس کے ترجمان کے مطابق ممتاز آرائیں کو جنوبی پنجاب کے ضلع وہاڑی سے گرفتار کیا گیا ہے ، پولیس نے اس کے قبضے سے اہم دستاویزات، موبائل فون ڈیٹا اور دیگر شواہد برآمد کر لیے ہیں۔

پولیس حکام نے مزید تحقیقات کے لیے ممتاز آرائیں کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔ فیڈرل انوسیٹی گیشن ایجنسی انسانی اسمگلنگ جیسے جرائم سے نمٹنے کا اہم وفاقی ادارہ ہے۔ اس سے قبل گرفتار ہونے والے انسانی اسمگلر اسلم کو بھی موبائل ڈیٹا سمیت ایف آئی اے کے حوالے کیا گیا تھا۔

پاکستان کے شہر شیخوپورہ، گجرات، کراچی اور دیگر علاقوں سے ایک درجن سے زائد مشتبہ انسانی اسمگلر کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ انسانی اسمگلنگ کے مرکزی کرداروں کو پکڑنے کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ یونانی کشتی رانی کے واقعے میں ملوث تمام افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور گرفتاریوں اور تفتیش میں پنجاب پولیس ایف آئی اے اور دیگر اداروں کو مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونان کشتی سانحے میں ملوث مجرموں کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے گی۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے گجرات اور منڈی بہاؤالدین سے کم از کم دو "اہم انسانی اسمگلر” کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

دریں اثناء وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تحقیقات جلد مکمل کرلی جائیں گی کیونکہ حکومت نے متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلرز کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ تحاریر