سستا گھر اسکیم میں صحافیوں کو گھر ملے گا، عقیل کریم ڈھیڈھی کا اعلان
کراچی کے صحافیوں کیلئے وزیراعظم سے سستا گھر اسکیم میں ہاؤسنگ پروجیکٹ منظور کراؤں گا، پریس کلب آمد پر بزنس ٹائیکون کی گفتگو۔
معروف بزنس ٹائیکون اوراے کے ڈی گروپ کے چیئرمین عقیل کریم ڈھیڈھی نے کہا ہے کہ کراچی کے صحافیوں کیلئے وزیراعظم سے مل کر سستا گھر اسکیم میں ہاؤسنگ پروجیکٹ منظور کراؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو سستا گھر اسکیم میں گھر ملنا چاہئے، صحافیوں کیلئے اپنا گھر پروجیکٹ میں آباد کو بھی شامل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے
اے کے ڈی کا کراچی پریس کلب کے لیے 1کروڑ20 لاکھ روپے کا اعلان
کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کے بھاری ٹیکسز نے سینما گھروں کو تالے لگوادیے
بدھ کو کراچی پریس کلب میں عقیل کریم ڈھیڈھی اور آباد کے چیئرمین محسن شیخانی کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر دونوں شخصیات کو کراچی پریس کلب کی تاحیات اعزازی ممبر شپ دی گئی۔
صدر پریس کلب فاضل جمیلی اور سیکرٹری پریس کلب محمدرضوان بھٹی نے مہمانوں سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پرجوائنٹ سیکرٹری پریس کلب ثاقب صغیر، خازن عبدالوحید راجپر، گورننگ باڈی کے ارکان فاروق سمیع،عبدالوسیع قریشی، عبدالرشید میمن، سابق صدر امتیاز خان فاران، سابق سیکرٹریز مقصود یوسفی اورعامر لطیف سمیت صحافیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عقیل کریم ڈھیڈھی نے کہا کہ ہم کراچی پریس کلب کے ممبران کے لیے گھر اور تعلیم کے پروجیکٹس میں بھرپور ساتھ دیںگے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم بزنس مین مل کر کوئی کام اپنے ذمہ لیں گے تو اس سے مسائل مکمل طور پر تو حل نہیں ہوںگے لیکن ان میں کچھ کچھ فرق ضرور ہوگا۔
چیئرمین اے کے ڈی گروپ نے کہا کہ آپ کی تنخواہیں کم ہیں اس کو بھی بڑھانا ہے، انہوں نے صحافیوں کی محنت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔
محسن شیخانی نے کہا کہ کراچی پریس کلب کو اپنا گھر سمجھتا ہوں۔ صحافیوں اور کراچی پریس کلب کو ہمیشہ سپورٹ کرنے کی سوچ رکھتا ہوں۔ جہاں بھی ہمیں ضرورت ہوتی ہے۔پریس کلب ہمارے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پریس کلب کو ہماری جو بھی خدمات درکار ہیں ہم اس کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل پر صحافیوں کے ساتھ مل کر آواز اٹھائی ہے اور آگے بھی اٹھائیں گے، صحافیوں کو گھروں کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
پریس کلب کے جنرل سیکرٹری رضوان بھٹی نے کہا ہے کہ عقیل کریم ڈھیڈی اور محسن شیخانی ہر مشکل وقت میں صحافیوں کے ساتھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عقیل کریم ڈھیڈی نے حال ہی میں کراچی پریس کلب کے ممبران کو میڈیکل سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک کروڑ روپے اور کینٹین کے لیے 20 لاکھ روپے بھی فراہم کیے تھے جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔
تقریب کے اختتام پر عقیل کریم ڈھیڈھی اور محسن شیخانی کو ممبرشپ لیٹر، سندھ کی روایتی اجرک ، ٹوپی اور شیلڈپیش کی گئی۔