نواز شریف کا بےنظیر بھٹو کی برسی پر دکھ کا اظہار

شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز نے بھی ٹوئٹر پر تعزیتی پیغامات جاری کیے، امید ہے چارٹر آف ڈیموکریسی پر عمل ہوگا، حمزہ شہباز۔

آج سابق وزیراعظم محترمہ بےنظیر بھٹو کی 14 ویں برسی ہے اور صوبہ سندھ میں آج عام تعطیل ہے، ملکی رہنما اور عالمی شخصیات بھی بھٹو خاندان سے اظہار تعزیت کر رہی ہیں۔

اہم بات یہ ہے کہ پیپلزپارٹی کی سیاسی حریف جماعت مسلم لیگ (ن) اور شریف فیملی نے بھی بی بی شہید کی برسی پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بختاور بھٹو میں والدہ بےنظیر بھٹو کی جھلک دکھائی دینے لگی

آصفہ بھٹو زرداری کی محسن پاکستان کی رہائش گاہ آمد، اہلخانہ سے تعزیت

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میں نہ تو شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی اچانک اور دردناک وفات کو بھولا ہوں نا ہی اس عزم کو کہ ہمیں جمہوریت اور سول بالادستی کو مضبوط کرنا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ٹویٹ کی کہ محترمہ بےنظیر بھٹو کی شہادت پاکستان کا ایک بڑا نقصان تھا، جمہوریت کے لیے ان کی خدمات سب سے بڑھ کر تھیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا کہ شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی برسی پر ان کے لیے ڈھیروں دعائیں، مجھے وہ دن اب بھی یاد ہے جب میرے والد اور گھر کے ہر فرد نے ایسے سوگ منایا اور دکھی ہوئے جیسے شاید ہمارے گھر کا ہی کوئی فرد ہمیں چھوڑ گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا پیغام شیئر کیا گیا، انہوں نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ محترمہ بےنظیر بھٹو اور نواز شریف کے درمیان طے ہونے والے چارٹر آف ڈیموکریسی پر عمل کیا جائے گا۔

 

محترمہ بےنظیر بھٹو کی شہادت ایک قومی سانحہ تھا، اُن کی وفات سے پیدا ہونے والی خلا کوئی نہیں پُر کرسکتا، ایک بات جو ہماری سیاسی رہنماؤں کو سمجھنے کی ضرورت ہے وہ یہ کہ سیاست ضرور کریں لیکن اس میں مروت، تہذیب، رواداری اور شائستگی کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

ہماری اخلاقی اور معاشرتی روایات بھی یہی تقاضہ کرتی ہیں کہ سیاست میں ذاتیات پر نہ اترا جائے اور انہی رویوں کو پروان چڑھایا جائے کہ جیسے شریف فیملی نے سیاسی حریفوں کے لیے اختیار کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر