کورونا کیسز میں اضافہ، کراچی میں بازاروں کے اوقات کم کرنے پر غور
سندھ حکومت دو دن میں اہم اعلان کرے گی، اسکول بند کرنے کا فیصلہ بھی متوقع، کراچی میں ویکسینیشن کی شرح پورے ملک کی سب سے کم۔
کراچی میں کورونا وائرس کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، کورونا کیسز کی شرح 8.9 فیصد ہوچکی ہے، وفاقی حکام کے مطاقبق کراچی میں پچھلے دو روز کے دوران 236 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔
وفاقی حکام کا کہنا ہے کہ 2 ہزار 650 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 236 کو کورونا وائرس تھا، حکام کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس ویکسی نیشن کی شرح ملک کی سب سے کم ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان میں اومیکرون ویریئنٹ کے 75 کیسز سامنے آگئے
فروری میں کورونا کی پانچویں لہر آسکتی ہے، محکمہ صحت نے خبردار کردیا
کراچی میں صرف 40 فیصد افراد نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کروائی ہے۔
وفاقی حکام کی جانب سے سندھ حکومت کو ویکسی نیشن بڑھانے اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز دی گئی ہے۔
دوسری طرف سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ صوبے میں 50 فیصد کورونا کیسز اومیکرون ویریئنٹ کی وجہ سے ہیں۔
سندھ حکومت نے کہا کہ پچھلے دنوں 351 نمونوں کی Genome Sequencing کروائی ہے جس میں سے 175 نمونے اومیکرون ویریئنٹ سے متاثر تھے۔
صوبائی حکومت دفاتر اور شاپنگ مالز کے اوقات کار کا جائزہ لے رہی ہے جبکہ اسکولز بند کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے دو دنوں میں فیصلہ متوقع ہے، کئی ضلعوں میں اسکول بند کر دئیے جائیں گے۔