سکھر میں زمین کے تنازع پر شیخ برادری میں فائرنگ، 6 افراد ہلاک

پولیس کے مطابق مقتولین میں تین سگے بھائی ، ایک خاتون اور دو دیگر افراد شامل ہیں،

سکھر میں دو بھائیوں کے جھگڑے میں خاتون سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے، مقتولین کی نعشیں اسپتال منتقل ، پولیس کی بھاری جمعیت نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ، علاقہ میں خوف و ہراس، سول اسپتال میں ایمرجنسی قائم کرنے سمیت سیکورٹی انتظامات سخت کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سکھر ضلع کے تماچانی تھانہ کی حدود کے علاقے میں شیخ برادری کے دو بھائیوں میں زمین کے تنازعہ پر ہونے والے جھگڑے میں دونوں بھائیوں اور ان کے حمایتیوں نے ایک دوسرے پر جدید اسلحے سے فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگئے جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیے

نوابشاہ میں قبائلی تصادم ، سندھ حکومت کے لیے کڑا امتحان

میاں چنوں واقعے میں اہم پیش رفت ، 15 مرکزی ملزمان سمیت 85 افراد گرفتار

فائرنگ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری جمعیت نے علاقے میں پہنچ کر صورتحال پر کنٹرول کرلیا اور مقتولین کی نعشیں اور زخمی خاتون کو سول اسپتال سکھر پہنچایا ، جہاں پر خاتوں بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک نے بھی جھگڑے میں چھ افراد کے قتل ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس کی بھاری جمعیت علاقے میں موجود ہے۔

مقتولین میں تین سگے بھائی بتائے جاتے ہیں۔ مقتولین کی شناخت مسمات نسرین ،غلام نبی ،غلام اکبر ،غلام محمد ،پرویز اور اویس کے ناموں سے کی گئی ہے۔

سول اسپتال سکھر میں مقتولین کا پوسٹ مارٹم جاری ہے۔

متعلقہ تحاریر