رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں مہنگائی کی شرح میں 10.3 فیصد اضافہ ریکارڈ

وزارت خزانہ کی اکنامک آؤٹ لُک کے مطابق اسی عرصے کے دوران کرنٹ اکاونٹ خسارے میں 11.6 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رواں مالی سال جولائی تا جنوری پہلے 7 ماہ میں مہنگائی کی سالانہ شرح 10.3 فیصد ریکارڈ کی گئی، ترسیلات زر 9.1 فیصد اضافے سے 18 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ ملکی برآمدات 27.4 فیصد اضافے سے 17.7 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں۔  ملکی درآمدات 55.1 فیصد اضافے سے 42.8 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں۔

وزارت خزانہ نے رواں مالی سال جولائی تا جنوری 7 ماہ کی معیشت پر اکنامک آؤٹ لک جاری کردی ہے۔ اکنامک آؤٹ لک  رپورٹ کے مطابق کرنٹ اکاونٹ خسارے میں 11.6 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

اوگرا کا مارچ کےلیے ایل پی جی کی قیمت میں 27 روپے اضافے کا اعلان

وزیراعظم کے قوم سے خطاب سے قبل نیپرا نے عوام پر بجلی گرا دی

رپورٹ کے مطابق براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 11.3 فیصد اضافے سے 1.16 ارب ڈالر رہی۔ پورٹ فولیو سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 958.3 ملین ڈالر ہو گئی۔ مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 1817.3 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔

زرمبادلہ کے ذخائر فروری کے تیسرے ہفتے تک 22.99 ارب ڈالر ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک 16 ارب 58 کروڑ ڈالر، کمرشل بینکوں کے ذخائر 6.40 ارب ڈالر رہے۔

ڈالر کی شرح تبادلہ 176.16 روپے فی ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق چھ ماہ میں ٹیکس ریونیو 30.3 فیصد اضافے سے 3351 ارب روپے رہا، جولائی سے دسمبر میں نان ٹیکس آمدنی 14.6 فیصد کمی سے 764.9 ارب رہی۔

وزرات خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا دسمبر تک پی ایس ڈی پی کی مد میں 566.3 ارب روپے منظور کئے گئے۔  جولائی سے دسمبر تک مالیاتی خسارہ بڑھ کر 1371 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گیا ، پہلے 7 ماہ میں زرعی قرضے 3.4 فیصد اضافے سے 740.3 ارب روپے کی سطح پر رہے۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق صرف جنوری میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 13 فیصد ریکارڈ کی گئی، پہلے 7 ماہ میں مہنگائی کی سالانہ شرح 10.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق  بڑی صنعتوں کی شرح نمو دسمبر میں 6.4 فیصد تک رہی ، بڑی صنعتوں کی شرح نمو جولائی سے دسمبر کے دوران 7.4 فیصد تک رہی ، اسٹاک ایکسچینج انڈیکس 45 ہزار 132 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔

احساس کفالت پروگرام کے تحت 80 لاکھ خواتین کو ماہانہ رقم دی گئی، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ماہانہ کیش گرانٹ  12 ہزار روپے سے بڑھا کر 13 ہزار روپے  کردی گئی ہے۔

متعلقہ تحاریر