ایمیزون نے ایلیکسا سروس بند کرنے کا اعلان کردیا
انٹرنیٹ ٹریکنگ سروس ایلیکسا دو دہائیوں بعد یکم مئی 2022 کو ختم کردی جائے گی، سروس کے ذریعے ویب سائٹ کی مقبولیت معلوم کی جاتی تھی۔
ایمیزون اپنی انٹرنیٹ ٹریکنگ سروس ایلیکسا کو بند کر رہا ہے، یہ ایلیکسا وائس اسسٹنٹ والی ایلیکسا ایپلی کیشن سے مختلف ہے۔ ایلیکسا انٹرنیٹ سروس آن لائن ٹریفک کے ذریعے یہ معلوم کرتی ہے کہ کون سی ویب سائٹ زیادہ مقبول ہے۔
یہ کام ایک سافٹ ویئر کے ذریعے کیا جاتا ہے جو کہ ویب براؤزرز میں انسٹال ہوتا ہے یا پھر وہ ویب سائٹس جو اس سافٹ ویئر کو اپنی سائٹ پر انسٹال کرنا چاہیں ان کی مقبولیت کا بھی معلوم کیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کورونا وبا، گوگل اپنے ملازمین کو دو بلین ڈالرز کی عمارت میں بٹھائے گا
گوگل پلے اسٹور نے 8 جعلی کرپٹو کرنسی مائننگ ایپس کو ہٹا دیا
یہ معلومات دنیا کی سب سے مقبول ویب سائٹس کی رینکنگ تیار کرنے میں مدد دیتی ہیں گو کہ یہ ہمیشہ قابل اعتماد نہیں ہوتیں کیونکہ معلومات اکٹھی کرنے کا یہ طریقہ زیادہ شفاف نہیں ہے۔
اس کے باوجود ایلیکسا ویب سائٹس کی مقبولیت کو جانچنے کا ایک کارآمد طریقہ ہے کیونکہ ویب سائٹ مالکان کبھی بھی یہ معلومات بتاتے نہیں ہیں کہ ان کی سائٹ پر کتنا ٹریفک رہا۔
لیکن ایمیزون کے مطابق اب یہ سروس اگلے سال مئی سے بند کردی جائے گی اور فی الوقت نئی سبسکرپشن لینا بھی ممکن نہیں رہا، یعنی صرف پرانے صارفین جن کے پاس ایلیکسا انسٹال ہے وہی مئی تک اس کو استعمال کرسکتے ہیں۔
ایمیزون کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دو دہائیوں تک آپ کو ڈیجیٹل حاضرین کو ڈھونڈنے، ان تک پہنچنے اور اپنی طرف مائل کرنے میں مدد دینے کے بعد اہم نے ایلیکسا.کام کو یکم مئی 2022 تک ریٹائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔









