عمران خان 5 سالہ مدت مکمل کرنے والے پہلے وزیراعظم بنیں گے، اعزاز سید
اعزاز سید نے اپنے کالم میں بڑا دعویٰ کردیا، حکومت کے گھر جانے کی خبروں کو بےبنیاد قرار دے دیا، اسٹیبلشمنٹ عمران خان کے قابو میں ہے، کالم نگار
جنگ اخبار سے منسلک صحافی اعزاز سید نے آج اپنے کالم میں دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان پاکستان کی تاریخ میں مدت پوری کرنے والے پہلے وزیراعظم بننے جا رہے ہیں۔
اعزاز سید کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ وزیراعظم عمران خان کے قابو میں ہے اور اگر کوئی گڑ بڑ پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو آرمی چیف کی تقرری کا فیصلہ رواں سال نومبر سے پہلے بھی سامنے آسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
منی بجٹ کے بعد حکومت کا نئے سال کا پہلا تحفہ ، پیٹرول 4 روپے فی لیٹر مہنگا
نئے سال پر حکومت کا تحفہ، ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی
کالم نگار نے کہا کہ عمران خان کو صرف ایک شخص گھر بھیج سکتا ہے اور وہ خود عمران خان ہی ہیں، انہوں نے ہر دوسرے دن حکومت کے گھر جانے کی تاریخیں دینے والے صحافی سہیل وڑائچ کو ان ہی کی ترکیب میں جواب دیا ہے کہ ‘کمپنی یہی چلے گی’۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے دعویٰ کیا گیا کہ نواز شریف کی اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل ہوچکی ہے اور وہ وطن واپس آرہے ہیں، یہ سب افواہیں تھیں۔
اس وقت ملک میں اپوزیشن نام کی کوئی چیز نہیں ہے، برائے نام حزب اختلاف کے رہنما مقتدرہ افسران کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، ان خیالات کا اظہار اعزاز سید نے اپنے کالم میں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ میں ابھی تک عمران خان اور تحریک انصاف سے کوئی دوری پیدا نہیں ہوئی اور ان کے سخت اقدامات کو معیشت کی بہتری سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔