نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم ہوں گے، نوٹیفکیشن جاری

وزیراعظم سیکرٹریٹ کی طرف سے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم سیکرٹریٹ کی طرف سے پاکستان کے حساس ادارے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ جاری کردہ مراسلے کے مطابق کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نئے ڈی جی آئی ایس آئی ہوں گے۔

اس نوٹیفکیشن کا اطلاق نومبر کی 20 تاریخ سے ہوگا اور موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید رواں سال 19 نومبر تک آئی ایس آئی سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

جنرل فیض حمید کورکمانڈ رپشاور ، جنرل ندیم انجم نئے ڈی جی آئی ایس آئی

ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی، نام نہاد جمہوریت پسند صحافی سازش پر اتر آئے

یاد رہے کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں 5 جنرلز کے نئے تبادلوں اور تقرریوں کا بتایا گیا تھا لیکن وزیراعظم عمران خان لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو مزید کچھ عرصہ بطور ڈی جی آئی ایس آئی برقرار رکھنا چاہتے تھے۔

اس معاملے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی جس میں باہمی مشاورت سے معاملات طے کیے گئے۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ملاقات کے حوالے سے بتایا تھا کہ حتمی فیصلہ کیا جاچکا ہے لیکن اعلان بعد میں ہوگا۔

قیاس کیا جا رہا تھا کہ وزیراعظم کی سعودی عرب روانگی سے قبل نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا لیکن ایسا نہ ہوسکا مگر آج وزیراعظم کے سیکرٹری اعظم خان کی جانب سے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر