شاہد آفریدی سندھ حکومت سے نالاں
شہرہ آفاق کھلاڑی شاہد خان آفریدی کہتے ہیں سندھ حکومت سے ناراضگی کی سب سے اہم وجہ صوبے بھر میں نوجوانوں کیلئے غیرنصابی سرگرمیوں کا فقدان ہے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز بلے باز اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے سندھ میں یوتھ کیلئے اسپورٹس فیسٹول کے انعقاد نہ کرانے پر صوبائی حکومت سے شکوہ کیا ہے۔
ٹھٹھ میں پولیس کی جانب سے منعقدہ اسپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ جب شاہنواز دھانی لاڑکانہ سے نکل کر پاکستان کا نام روشن کرسکتا ہے تو مجھے نہیں لگتا کہ سندھ میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیئے
شاہد آفریدی نے کہا کہ صوبے بھر میں ٹیلنٹ بہت ہے لیکن سہولیات کے فقدان اور اکیڈیمیز نہ ہونے کی وجہ سے ٹیلینٹ تباہ ہورہا ہے۔
شاہد آفریدی نے سندھ کی صوبائی حکومت اور باالخصوص سندھ پولیس سے اپیل کی کہ پورے سندھ میں اس طرح کے فیسٹیول منعقد کئے جائیں۔
قبل ازیں اسپورٹس فیسٹیول کے آخری روز کے مقابلوں میں رسہ کشی، ملاکھڑا، دوڑ، کراٹے اور دیگر کھیلوں کے فائنل مقابلے بھی ہوئے۔
بعدازاں شاہد آفریدی نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
واضح رہے کہ بیشتر مواقع پر سندھ حکومت کے محکمہ کھیل کی جانب سے یہ اعلانات بھی سامنے آتے رہے ہیں کہ ہم صوبے کے نوجوانوں کیلئے کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے کوئی کسر اٹھانہ رکھیں گے۔









