سال 2021 میں درآمدات میں 1 ارب ڈالر کی کمی ہوئی، عبدالرزاق داؤد

دسمبر 2021 کے لیے درآمدی تخمینہ 6.2 بلین ڈالر تھا جس میں 1 بلین ڈالر کی کمی دیکھی گئی، مشیر تجارت

 وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ دسمبر 2021 میں درآمدات کم ہو کر 6.9 ارب امریکی ڈالر رہ گئی ہیں جو نومبر 2021 میں 7.9 ارب ڈالر تھیں۔

عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ملک نے درآمدات میں کمی کے ابتدائی اشاریے ریکارڈ کیے ہیں۔ انہوں نے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ملک میں دسمبر 2021 کے دوران  1 ارب ڈالر کی کمی دیکھی گئی جب کہ دسمبر 2021 کے لیے درآمدی تخمینہ 6.2 بلین ڈالر تھا۔

یہ بھی پڑھیے

وادی گلوان سے چینی فوج نے ویڈیو جاری کردی، بھارتی سیخ پا

صارفین کی آسانی کیلیے لیسکو کی موبائل ایپ بنادی، حماد اظہر

انہوں نے مزید کہا کہ  برآمدات کی طرف رجوع کرتے ہوئے وزارت تجارت یہ بتانا چاہے گی کہ دسمبر 2021 کے دوران پاکستان کی برآمدات دسمبر 2020 کے 2.366 ڈالر کے مقابلے میں 16.7 فیصد بڑھ کر 2.761 ارب ڈالر ہو گئیں۔ ماہ دسمبر کے لیے برآمدات کا ہدف 2.8 ارب ڈالر تھا۔

رواں مالی سال پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) کے دوران برآمدات جولائی تا دسمبر 2020 کے دوران 12.110 بلین ڈالر کے مقابلے میں 25 فیصد بڑھ کر 15.125 بلین ڈالر ہوگئیں۔ اس مالی سال کی پہلی ششماہی کے لیے برآمدات کا ہدف 15 بلین تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ جلد ہی دسمبر 2021 کے دوران برآمدات اور درآمدات کے زمروں سے متعلق تفصیلات سے عوام کو آگاہ کرے گی۔ اس سے قبل جولائی میں عبدالرزاق داؤد نے مالی سال 2020-2021 میں بڑے ممالک کو پاکستانی برآمدات زیادہ ہونے کے حوالے سے متاثر کن تفصیلات سے آگاہ کیا تھا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ پاکستانی برآمدات نے عالمی مارکیٹوں میں خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے. مالی سال 21 کے دوران چین کو برآمدات میں 34 فیصد اضافہ یعنی 586 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔ مالی سال 2020-2021 میں چین کو برآمد کی جاتی والی اشیاء صرف کی مالیت 1.74 ارب ڈالر تھی جو رواں مالی کے دوران بڑھ کر 2.33 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔

مشیرتجارت کا کہنا تھا کہ مالی سال 21 کے دوران جرمنی کو برآمدات گزشتہ سال 1.3 بلین ڈالر سے 19 فیصد بڑھ کر 1.5 بلین ڈالر ہوگئیں۔

نیدرلینڈز کو برآمدات گزشتہ سال 1 بلین ڈالر کے مقابلے میں 23 فیصد اضافے سے 1.2 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں جب کہ پولینڈ کو برآمدات گزشتہ مالی سال میں 28 فیصد اضافے سے 308 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو کہ پچھلے سال 241 ملین ڈالر تھیں۔

وزیراعظم کے مشیر تجارت کہنا تھا کہ کووڈ 19 کی رکاوٹوں کے باوجود مینوفیکچررز کی کارکردگی متاثر کن تھی۔

عبدالرزاق داؤد نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا ہے کہ "پیداواری یونٹس تعریف کے مستحق ہیں، انہوں نے وزارت تجارت و صنعت کے حکام کی کاوشوں کو بھی سراہا ہے۔”

متعلقہ تحاریر