شیخ رشید نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ آئین میں طریقہ کار وضع کیا گیا ہے کہ کس طرح نگراں وزیر اعلیٰ لگایا جائے، الیکشن کمیشن نے اعتراضات کے باوجود محسن نقوی کو وزیراعلیٰ تعینات کردیا۔
پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تعیناتی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی، درخواست میں وفاقی حکومت، صدر پاکستان اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
فواد چوہدری کی رہائی کے بعد شیخ رشید اور اینکر پرسن عمران ریاض گرفتار
پنجاب میں لا افسران گھر بیٹھ گئے، عدالتوں میں حکومت کی نمائندگی نہیں رہی
درخواست میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ، سابق قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اور نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ آئین میں طریقہ کار وضع کیا گیا ہے کہ کس طرح نگراں وزیر اعلیٰ لگایا جائے، نگران وزیر اعلی بنانے کے لیے بدنیتی شامل ہے، محسن نقوی کے نام پر پہلے ہی اعتراضات اٹھ گئے تھے۔
درخواست گزار شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اعتراضات کے باوجود محسن نقوی کو ہی وزیراعلیٰ بنا دیا گیا، الیکشن کمیشن نے باقی تین ناموں کو مسترد کرنے کی وجوہات نہیں بتائیں ، اس وقت جو ٹرانسفرز اور پوسٹنگز ایک سیاسی جماعت کو فائدہ پہنچانے کے لیے ہو رہی ہیں۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت نگران وزیراعلی کی تعیناتی کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔