پی ٹی آئی کے سینیٹرز کی 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت مگر پارٹی نہ چھوڑنے کا اعلان
پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے مشترکہ پریس کانفرنس میں 9 مئی کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے فسادیوں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ، ایوان بالا کے اراکین نے افواج پاکستان کو محبتوں کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے آزاد فضا میں سانس لیتے ہیں

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پرتشدد واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے آزادانہ تحقیقات کے بعد ملزمان کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کو ہونے والی توڑ پھوڑ کی مذمت کی۔انہوں نے فسادیوں اور بلوائیوں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے
وفاقی حکومت نے عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش مکمل طور پر رد کردی
پی ٹی آئی سینیٹر فلک ناز نے پاک فوج کے شہید ہونے والے ہیروز کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا منشور فوج کی املاک کو نقصان پہنچانا نہیں ہے۔
سینیٹر ڈاکٹر زرقا تیمور نے کہا کہ ہمیں اپنی فوج اور ملک سے پیار ہے۔ تحریک انصاف کے تمام رہنما 9 مئی کے واقعات کی مذمت کررہے ہیں جب لاہور میں جناح ہاؤس کو جلایا گیا ۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل سلیم نے پارٹی چیئرمین کی گرفتاری پرتشدد احتجاج پر اظہار شرمندگی کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے خلاف ایوان بالا میں قرارداد جمع کروادی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے اور ہم 9 مئی کے واقعات پر شدید شرمندہ ہیں۔ تحریک انصاف کے تمام ارکان ایوان بالا اس مذموم حرکت کی سخت زبان میں مذمت کرتے ہیں ۔
پی ٹی آئی کی ایوان بالا کی رکن نے کہاکہ جوکچھ 9 مئی کو ہوا،اس کا کبھی سوچ بھی نہیں سکتی، میرے اپنا تعلق شہیدوں کے خاندان سے ہے، میرے والد دوسری جنگ عظیم میں لڑے ۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی کے ایم این اے عطا اللہ اور ٹکٹ ہولڈر مہر شرافت علی کا پارٹی نہ چھوڑنے کا عزم
انہوں نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی ملک کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کے ساتھ کیسے کھڑی نہیں ہوگی؟۔اگر فوج حفاظت نہ کرے توہم آزاد فضا میں سانس بھی نہیں لے سکتے ہیں۔
سیمی ایزدی نے مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ قصورواروں کا احتساب ہو سکے۔انہوں نے جیلوں میں خواتین پر مبینہ تشدد روکنے کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔
اس سے قبل سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شہزاد وسیم نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی پر زود مذمت کرتے ہوئے تحریک انصاف کی رکنیت برقرار رکھنے کے فیصلے کی تصدیق کی تھی۔
پی ٹی آئی سے وابستگی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وسیم نے واضح کیا کہ وہ پی ٹی آئی کے سینیٹر ہیں اور اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔









