پاکستان میں بارشوں کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، شیریں رحمان
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی کا کہنا ہے کہ حالیہ سیزن میں بلوچستان میں 501 اور سندھ میں 625 فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں۔
وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ ملک میں اس بارشوں کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں برس 193 فیصد زیادہ مون سون کی بارشیں ہوئی ہیں، بلوچستان میں اس سال 501 فیصد جبکہ سندھ میں 625 فیصد زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ملک میں ریکارڈ بارشوں کی وجہ سے بلوچستان اور سندھ میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے، گزشتہ صوبائی اور وفاقی حکومت کو ریکارڈ بارشوں اور سیلاب کی وارنگ جاری کی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک بحریہ ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری
دریائے سندھ میں سکھر بیراج سے نامعلوم لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ہم ماحولیتی تبدیلی کے شدید اثرات کا سامنا کر رہے ہیں، ہمیں ہیٹ ویو اور خشک سالی کے بعد سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں برس ملک میں بارشوں کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ، گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال 193 فیصد زیادہ مون سون کی بارشیں ہوئی ہیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھاکہ بلوچستان میں اس سال 501 فیصد جبکہ سندھ میں 625 فیصد زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں، ماحولیتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لئے ہمیں پیشگی اقدامات لینے ہونگے۔
شیری رحمان نے کہا کہ مون سون بارشوں اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں نقصان کا تعین کرنے کے لئے وفاقی وزراء کی کمیٹی سندھ روانہ کردی گئی ہے جو کراچی میں بارشوں اور اربن فلڈنگ سے متاثر علاقوں کا دورہ کرے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ کمیٹی کے دورے کا مقصد مون سون کی ریکارڈ بارشوں اور سیلاب کے نقصان کا جائزہ لینا ہے، ہم امدادی کاروائیوں اور زمینی صورتحال کا جائزہ لینگے، کمیٹی بارش اور سیلاب متاثرہ لوگوں کی مالی معاونت اور علاقوں کی بحالی کے لئے صوبائی اور وفاقی حکومت کو اپنی سفارشات پیش کرے گی۔









