اقوام متحدہ نے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے 16 کروڑ ڈالر امداد کی اپیل کردی
سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے مہاجرین کی میزبانی کرنے ملک کو درپیش مسائل پر دل رنجیدہ ہے، پاکستان کے فراخدل لوگوں کو مصیبت میں دیکھ کر دل ٹوٹ گیا ہے۔
حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی ہنگامی امداد کے لیے پاکستان فلڈ ریسپانس پلان 2022 کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور پاکستانی حکام نے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کی ہے۔
سیلاب زدگان کی ہنگامی امداد کے لیے نیویارک میں اقوام متحدہ کی عمارت اور اسلام آباد میں دفتر خارجہ میں مشترکہ میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
تحریک انصاف کی انتخابی کامیابیاں موجودہ نظام کیخلاف بغاوت ہے، قیصر بنگالی
تمام طرح کی سازشوں کے باوجود بین الاقوامی برادری اور پاکستانیوں کا عمران خان پر اعتماد کا اظہار
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا خطاب
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ رواں سال مون سون کی غیرمعمولی بارشوں نے پاکستان کو جانی اور مالی طور پر شدید نقصان پہنچایا ہے، رواں سال ہیٹ ویو نے پاکستان میں تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے شدید بارشوں اور سیلاب کا سامنا ہے۔ کلاؤڈ برسٹ اور طوفانی بارشوں کے نتیجے میں سیلاب آیا ،
وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا 72 اضلاع میں 3 کروڑ سے زائد افراد کو ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے ، پاکستان گلوبل وارمنگ کی وجہ سے براہ راست متاثر ہورہا ہے ، سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ، فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں ، متاثرین کی پینے کے صاف پانی اور کھانے کی اشیاء تک رسائی مشکل ہو گئی ہے۔ سیلاب اور بارشوں سے معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ سیلاب سے لائیو اسٹاک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین کو امداد فراہم کی جارہی ہے۔
مدد کی درخواست کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا ہمیں فوری طور پر عالمی برادری کی جانب سے امداد کی ضرورت ہے، پاکستان کو فوری طور پر ٹینٹس اور مچھر دانیوں کی ضرورت ہے۔
سیلاب زدگان کی امدادی تقریب سے انتونیو گوتریس کا خطاب
مشترکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا حالیہ سیلاب اور بارشوں سے پاکستان کے عوام شدید طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ پاکستان کے فراخدل لوگوں کو مصیبت میں دیکھ کر دکھ ہورہا ہے۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ 52 لاکھ سیلاب متاثرین کو خوراک اور بنیادی ضروری اشیا فراہم کرے گا۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا سیلاب کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے پاکستان کو فوری طور پر امداد کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں انفراسٹرکچر بہت حد تک تباہ ہو گیا ہے۔ مہاجرین کی میزبانی کرنے ملک کو درپیش مسائل پر دل رنجیدہ ہے۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو این نے پاکستان کے لیے 16 کروڑ ڈالر امداد کی اپیل کی ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کا تقریب سے خطاب
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا مون سون کے رواں سیزن کے آغاز سے اب تک پاکستان میں 1100 سے زائد اموات ہو چکی ہیں ، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا ہے ۔ پاکستانیوں کو فوڈ سیکورٹیز کے سنگین خطرات کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یو این ہیومن ٹیرینین کو آرڈی نیٹر کی پاکستان کے لیے امداد کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ بارشوں اور سیلاب سے کپاس کی 50 فیصد فصل متاثر ہوئی ہے۔ امید ہے عالمی برادری پاکستان کی مدد کے لیے آگے آئے گی۔
پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولیان ہارنیس کا خطاب
سیلاب زدگان کی امداد کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولیان ہارنیس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب سے تباہی تصور سے زیادہ ہے ، میں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے ، عالمی برادری موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ پاکستان کی مدد کے لیے آگے آئے ، اظہار یکجہتی کرے۔