وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے غیرملکی دوروں نے حکومتی کفایت شعاری مہم کا پول کھول دیا

بلاول بھٹو زرداری نے جرمنی ، لتھوینیا اور ہنگری کے سفر کے لیے پاکستان ایئر فورس کا طیارہ استعمال کیا جس کا کم از کم کرایہ 7000 ہزار ڈالر فی گھنٹہ ہے۔

ایک جانب وزیراعظم شہباز شریف کفایت شعاری مہم کا اعلان کررہے ہیں وہیں دوسری جانب ان کی کابینہ کے سب سے اہم وزیر بلاول بھٹو زرداری عوام کے ٹیکسز کے پیسے کو ہوا میں اڑا رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے گذشتہ دنوں پاکستان ایئر فورس کے طیارے میں جرمنی ، لتھوینیا اور ہنگری کا سفر کیا ، جس کا کرایہ 7000 سے لے کر 12000 ہزار ڈالر فی گھنٹہ ہے۔

پاکستان ایئر فورس کے طیارے میں بلاول بھٹو زرداری کے سفری اخراجات کی تفصیلات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر معروف تحقیقاتی صحافی طاہر عمران میاں نے شیئر کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سپریم کورٹ کا پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات پر ازخود نوٹس: 90 روز میں انتخابات کرانا لازم

وزیراعظم اور کابینہ کے تمام ارکان کا تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ

پاکستان ایئر فورس کے طیارے کے اخراجات کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے صحافی طاہر عمران میاں نے لکھا ہے کہ "اس جیٹ طیارے کو فی گھنٹہ چلانے کی لاگت 7000 سے 12000 ہزار ڈالر فی گھنٹہ ہے۔ فضائی حدود اور پارکنگ کے اخراجات شامل نہیں ہیں۔”

طاہر عمران میاں مزید لکھتے ہیں کہ "بلاول نے اسے تقریبا 11 گھنٹوں تک استعمال کیا۔ وطن واپس آنے کے لئے 8 گھنٹے اس کے علاوہ ہیں۔”

انویسٹیگیٹو جرنلسٹ میاں طاہر عمران کا کہنا ہے کہ "اس سفر کے دوران کم سے کم لاگت ایک لاکھ 33 ہزار ڈالر اور زیادہ سے زیادہ 2 لاکھ 9 ہزار ڈالر آئی ہوگی۔”

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ "اگر یہ سفر بزنس کلاس پر بھی کیا جاتا تو اس کی لاگت اس موجودہ قیمت کے ایک حصے کے برابر ہوتی۔”

واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے کفایت شعاری مہم کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام وفاقی وزرا، مشیر اور وزیر مملکت رضاکارانہ طور پر تنخواہوں اور مراعات کے بغیر کام کریں گے ، جبکہ معاونیں خصوصی نے بھی رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری مہم سے سالانہ 200 ارب روپے کی بچت ہوگی، 200 ارب روپے کی یہ بچت صرف وفاقی اداروں میں ہوگی، صوبوں کا حصہ علیحدہ ہوگا۔

متعلقہ تحاریر