ماہ رمضان المبارک میں ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں ہزاروں ضرورت مندوں میں راشن تقسیم
ماہ مقدس میں راشن بیگز کی تقسیم ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی سالانہ سرگرمیوں کا لازمی جزو ہے۔ البتہ اس سال سیلاب کی تباہ کاریوں اور ملک میں بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر محترمہ سعدیہ راشد کی راشن بیگز میں اضافے کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے آٹھ ہزار سے بھی زائد راشن کے بیگز ملک بھر میں تقسیم کیے گئے۔
حسب سابق اس سال بھی ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے تحت ماہ رمضان کے دوران ضرورت مند ہم وطنوں میں راشن تقسیم کرنے کی مہم کامیابی سے مکمل کرلی گئی۔ مہم کے دوران آٹھ ہزار سے بھی زائد ضرورت مند خاندانوں میں ہمدرد راشن بیگز تقسیم کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر سید محمد ارسلان کی زیر نگرانی یکم رمضان سے ملک بھر میں ضرورت مند خاندانوں کو راشن پہنچانے کا عمل شروع کردیا گیا۔ دوران سرگرمی ملک کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت مضافاتی علاقوں میں ہمدرد کارکنان کی ٹیموں نے نہایت احترام سے ضرورت مندوں کی عزت نفس مجروع کیے بنا راشن بیگز تقسیم کیے۔ آٹھ ہزار سے بھی زیادہ راشن بیگز میں پانچ سے چھ افراد کے گھرانے کے لیے پورے ماہ رمضان کا راشن موجود ہے۔ بیگ میں آٹا، چاول، دالیں، مصالحے، خشک دودھ، چائے کا پیکٹ، روح افزا کی بوتل سمیت راشن کی دیگر ضروری اشیا خور و نوش بھی فراہم کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے فیصلوں پر نظرثانی اور نیب ترمیم کا بل منظور کرلیا
اڈوبو میکسیکن ریسٹورنٹ کے مالک کا ملازمین سے ناروا سلوک؛ تنخواہیں دینے سے منکر ہوگیا
الحمدللہ خدمت خلق ادارۂ ہمدرد کی بنیادی اقدار میں سے ایک ہے۔ اسی لیے ہر سال ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت رفاہ عام اور سماجی بہبود کے کئی کام انجام دئیے جاتے ہیں۔ ماہ مقدس میں راشن بیگز کی تقسیم ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی سالانہ سرگرمیوں کا لازمی جزو ہے۔ البتہ اس سال سیلاب کی تباہ کاریوں اور ملک میں بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر محترمہ سعدیہ راشد کی راشن بیگز میں اضافے کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے آٹھ ہزار سے بھی زائد راشن کے بیگز ملک بھر میں تقسیم کیے گئے۔
کراچی میں کارکنان پر مشتمل ٹیموں نے سید محمد ارسلان صاحب کے ہمراہ مدینۃ الحکمہ اور اطراف کے گوٹھوں دیہات سمیت اورنگ، کورنگی، مچھر کالونی، لیاری، سرجانی، خدا کی بستی، لالو کھیت، لاسی گوٹھ، ضلع ملیر کے پسماندہ علاقوں، بنارس اور میڑوول سمیت کئی علاقوں میں خلوص نیت اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہوکر ضرورت مند گھرانوں کی دہلیز پر راشن بیگ پہنچائے۔
لاہور میں ڈپٹی ڈائریکٹر سید علی بخاری کے زیر انتظام اہلیان لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور شرقپورسمیت قرب و جوار کے علاقوں میں یکم رمضان سے ضرورت مند ہم وطنوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ اس ضمن میں دعائیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں صدارتی ایوارڈ یافتہ ثناخوان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم ، حافظ حکیم مرغوب احمد ہمدانی نے دعائیہ کلام پیش کیا۔
شہر پشاور میں منیجر فائننس محمد خالد کی زیر نگرانی سینکڑوں ضرورت مند سفید پوش خاندانوں میںبنیادی اشیاء خور و نوش پر مشتمل بہترین رمضان راشن پیکیج تقسیم کیا گیا۔ اس سلسلہ میں پشاور اور اس کے گردونواح میں موجود 16 دیہات شاہی بالا، پٹوار متھرا ، ریگی ، آبدرہ ، پجگی ، بدھو ثمر باغ ، لکڑائی ، تہکال ، بازیدخیل ، لنڈی اخون احمد ، شیخ کلے ، پشتخرہ گاؤں ، فضل حق گڑھی ، پلوسی ، بادیزئی ، لنڈی ارباب گاؤں اور پشاور شہر کے خاندانوں میں ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے ٹوکن تقسیم کرکے ہمدرد مرکز پشاور کی نئی عمارت میں کیمپ لگا کر یہ تحفہ رمضان پیش کیا گیا۔
راولپنڈی /اسلام آباد میں ڈپٹی ڈائریکٹر حیات محمد بھٹی کی زیر نگرانی ہمدرد مرکز راولپنڈی سے ضرورت مند شہریوں میں راشن بیگز تقسیم کیے گئے۔ علاوہ ازیں بنگش کالونی، محمدی کالونی، ترنول، گرجاٹائون، ٹیپو روڈ، غریب آباد، موہن پورہ اور لئی کنارہ جھونپڑ پٹی کے وہ رہائشی جوبوجہ مجبوری ہمدرد مرکز تک آنہیں سکتے تھے، اُن کو کارکنان نے رضاکارانہ طورپر گھروں پر راشن بیگز پہنچائے۔
دوران مہم ہمدرد کارکنان نے حفظان صحت کے اصولوں کی مکمل پاسداری یقینی بنائی اور مقامی حکومتوں کے علم میں لاکر اپنی خدمت خلق کی سرگرمی مکمل کی۔ ضرورت مند ہم وطنوں نے صدر ہمدرد فائونڈیشن پاکستان محترمہ سعدیہ راشد کی طویل عمری، شہید حکیم محمد سعید کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کی سلامتی و ترقی کے لیے دعائیں کیں۔