وزیر اعظم کی زیرقیادت این ایس سی اجلاس: 9 مئی کے تمام مجرموں کو کٹہرے میں لانے کا فیصلہ

انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کا اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان کے علاوہ اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کو یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوجی اور سرکاری عمارتوں پر حملے کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

یہ بھی پڑھیے 

الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کو 23 مئی کو طلب کرلیا

پی ٹی آئی نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی ذمہ داری خفیہ ایجنسی پرعائد کردی

اجلاس کے شرکاء نے اداروں کے خلاف بیرونی اور اندرونی پروپیگنڈے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انٹیلی جنس اداروں کے حکام نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ تشدد ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایک سیاسی جماعت کے انتہا پسند عناصر نے کیا۔ واقعات کی ویڈیوز اور شواہد موجود ہیں اور آتش زنی اور تشدد کے ذمہ دار 5000 سے زائد مجرموں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا افواج اور عوام کے درمیان رابطہ ختم کرنے کی سازش ہے۔ کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کی حمایت سے منفی پروپیگنڈے کو شکست دی جائے گی۔

ذرائع نے وزیراعظم کے حوالے سے بتایا کہ کسی کو ملک کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کے پیچھے کھڑی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں شدت پسندوں کے خلاف مقدمات کا جلد فیصلہ کرنے کے آپشنز پر بھی غور کیا گیا۔ ریاست دشمن عناصر سے قانون کے مطابق نمٹنے پر اتفاق رائے پایا گیا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکاء نے مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

این ایس سی نے انٹیلی جنس پر مبنی حالیہ کارروائیوں کو بھی سراہا۔ اس نے سوشل میڈیا کے قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس پنجاب کے عبوری وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور کے پی کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان بھی شرکت کی۔

قومی سلامتی کمیٹی کا یہ اجلاس پہلے گزشتہ ہفتے ہونا تھا لیکن بعد میں اسے منگل تک ملتوی کر دیا گیا۔

وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں آرمی چیف کے علاوہ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل شمشاد مرزا سمیت بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان بھی موجود تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملکی سلامتی کی صورتحال اور موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے قومی سلامتی کے امور کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ملاقات کے دوران 9 مئی کے بعد تنصیبات اور عمارتوں پر ہونے والے حملوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ تحاریر