پی ٹی آئی بکھرنے لگی؛ رکن کور کمیٹی ملک امین نے عمران خان سے راہیں جدا کرلیں
سابق وزیر اعظم عمران خان کے مشیر اور پی ٹی آئی کور کمیٹی کے رکن ملک اسلم نے 9 مئی کے پرتشددواقعات کو ملک دشمنی قرار دیتے ہوئے پارٹی کو الوداع کہہ دیا جبکہ کور کمیٹی کے ایک اور رکن ڈاکٹر امجد بھی ممکنہ طور پر آج باقاعدہ اعلان کرکے پی ٹی آئی سے برات کا اعلان کریں گے

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق وفاقی وزیر ملک امین اسلم نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کو ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت ہائی جیک کیا گیا ہے جس کی جوابدہ ہونا پڑے گا ۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر نے عمران خان کی گرفتاری کے بعد سرکاری و نجی اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے اپنی راہیں جداہیں کرنے کا اعلان کیا ۔
یہ بھی پڑھیے
تحریک انصاف بھی ایم کیو ایم طرز پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار؛ متعدد رہنماؤں نے الوداع کہہ دیا
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے رکن اور سابق وفاقی وزیر ملک امین اسلم نے کہا کہ اس وقت ایک ایجنڈے نے پارٹی کو ہائی جیک کیا، اس پر پارٹی کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔
ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں جلوس نکالے گئے ان کے ٹارگٹ فوجی تنصیبات تھیں، یہ ایجنڈا دشمنوں کا خواب پورا کررہا ہے، 9 مئی کو پارٹی کارکنان نے قانون ہاتھ میں لیا، سب کی انکوائری کرانی چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کو دیکھ کر سکتے میں چلاگیا تھا تاہم اب مزید اس ملک دشمن ایجنڈے کے ساتھ نہیں چل سکتا ہوں۔ ایسے ایجنڈے بنانے والے خیرخواہ نہیں بلکہ پارٹی کے دشمن بھی ہیں۔
واضح رہے کہ ملک امین اسلم اٹک سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑے تھے ۔وہ بلین ٹری منصوبے کے سربراہ اور وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی بھی رہ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد شر پسند عناصر کی جانب سے لاہور میں کور کمانڈر ہاؤس نذر آتش کیا گیا جبکہ جی ایچ کیو سمیت کئی سرکاری اور نجی املاک پر حملے کرکے انہیں نذر آتش کیا گیا تھا ۔
یہ بھی پڑھیے
سیاسی و انسانی حقوق کے رہنماؤں کی تحریک انصاف کیخلاف کریک ڈاؤن کی مذمت
تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے شرپسندی میں ملوث ہونے پر پارٹی کے کئی ارکان نے عمران خان سے اپنی راہیں جدا کرنے کے اعلان کیے ہیں، جن میں محمود مولوی، عامر کیانی بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کور کمیٹی کے ایک اور رکن ڈاکٹر امجد نے بھی پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ وہ آج شام ساتھیوں سمیت باضابطہ طور پر عمران خان سے الگ ہونے کا اعلان کریں گے۔