کے پی کے بلدیاتی انتخابات، پہلی مرتبہ بنیادی سطح پر جمہوریت کو فروغ ملا، وزیراعظم

عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری 74 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہمیں مقامی حکومتوں کا ایک بااختیار نظام میسر آیا ہے۔"

وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختون خوا میں جماعتی بنیادوں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو کامیاب جمہوری نظام کی فتح قرار دیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا ہے کہ "خیبر پختون خوا بلدیاتی انتخاب پر اٹھنے والے شور میں کسی کو یہ احساس نہیں ہو رہا کہ یہ انتخابات کامیاب جمہوریتوں میں پائے جانے والے نظام کی طرز پر جدید اور منتقل شدہ اختیارات کے حامل بلدیاتی نظام کا نکتۂ آغاز ہیں۔”

یہ بھی پڑھیے

شنیرا اکرم کے بعد سجل علی کو بھی پیپسی کانیا اشتہار کیوں پسند آگیا؟

ن لیگ میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو لے کر جنگ تیز

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ "براہِ راست منتخب شدہ تحصیل ناظمین معیارِ حکومت میں بہتری لائیں گے اور مستقبل کے قائدین بنیں گے۔”

عمران خان کا کہنا ہے کہ "ہماری 74 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہمیں مقامی حکومتوں کا ایک بااختیار نظام میسر آیا ہے۔”

واضح رہے کہ خیبر پختون خوا کے 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے غیر متوقع نتائج پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا تھا کہ "پی ٹی آئی نے کے پی کے کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں غلطیاں کیں جس کی قیمت چکانا پڑی ہے۔غلط امیدواروں کا انتخاب بڑی وجہ ہے۔”

ان کا مزید کہنا تھا کہ "اب سے میں ذاتی طور پر پی ٹی آئی کی لوکل گورنمنٹ انتخابات کی حکمت عملی کی نگرانی کروں گا، کے پی کے کے دوسرے مرحلے کے ایل جی انتخابات کی اور پورے پاکستان میں ایل جی انتخابات کی نگرانی کروں گا۔ ان شاء اللہ پی ٹی آئی مضبوط ہو کر سامنے آئے گی۔”

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے وفاقی وزراء اور صوبائی وزراء نے کے پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی ہار کی وجہ مہنگائی قرار دیا تھا۔

وفاقی وزیر شبلی فراز نے بلدیاتی انتخابات میں ہار کی وجہ آپسی چپکلش قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی ہار کی اصل وجہ پی ٹی آئی کے امیدوار کا مقابلہ پی ٹی آئی کے امیدوار سے تھا جس کی وجہ سے ووٹ تقسیم ہو گئے۔

رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما نور عالم خان نے بلدیاتی انتخابات میں مہنگائی کو ہار کی وجہ قرار دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رکن کے پی کے اسمبلی اور صوبائی وزیر عاطف خان نے بھی پی ٹی آئی امیدواروں کی شکست کی وجہ مہنگائی کو قرار دیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت پی ٹی آئی  نے اپنی  شکست تسلیم کرلی۔  وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے شکست کی وجہ مہنگائی کو قرار دے دیا۔

متعلقہ تحاریر