کراچی میں نیوایئرنائٹ پر ہوائی فائرنگ ، 1 بچی جاں بحق ، 18 افراد زخمی

سابق صدر آصف زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ہوائی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔

کراچی میں نئے سال کی آمد کے موقع پر شہر بھر میں سخت حفاظتی انتظامات اور پولیس حکام کی وارننگ کے باوجود اندھا دھند ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 1 بچی جاں بحق جبکہ 18 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کی جانب سے نئے سال کے موقع پر انتباہ جاری کیا گیا تھاکہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمات قائم کیے جائیں گے، تاہم کراچی جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات شدید فائرنگ اور آتشبازی کی زد میں رہا، جس کے نتیجے میں اس بار گذشتہ سال کی نسبت زیادہ افراد زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے

اینکر زارا عباس کا مقتول شوہر کی سالگرہ پر جذباتی پیغام

نواز شریف کیخلاف پلاٹ الاٹمنٹ کیس بند ہونے کی خبریں بےبنیاد، نیب

پولیس حکام کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں زخمی ہونے والے 19 افراد میں سے خواجہ اجمیر نگری میں زخمی ہونے والی ایک بچی جاں بحق ہو گئی ۔

کراچی میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہونے والے 6 افراد کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر ، 4 کو عباسی شہید اسپتال، 3 کو سول اسپتال اور 2 زخمیوں کو سندھ گورنمنٹ اسپتال منتقل کیا گیا۔

نارتھ ناظم آباد میں کوہستان چوک کے قریب اندھی فائرنگ سے 10 سالہ بچی اقرا زخمی ہوگئی۔ 14 سالہ حارث کو نیپئر میں گھاس منڈی کے قریب گولی لگی۔ ایک گولی الیکٹرانک مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان کی گاڑی کو بھی لگی تاہم وہ بال بال بچ گئے۔

نئے سال کو منانے کے لیے شہر بھر کے مختلف مقامات پر لوگوں کا ہجوم لگا رہا۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات رہی۔ پولیس کے مطابق ہوائی فائرنگ کی شکایت پر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

ہوائی فائرنگ سے اجتناب برتنے کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحب زادی آصفہ بھٹو زرداری نے لکھا ہے کہ "ہم نئے سال کا آغاز کررہے ہیں مگر کوئی ایسا کام نہ کریں کہ اپنی خوشیوں کو کم کرلیں۔ آج کی رات لوگوں کی جانب سے جوش و خروش کا اظہار کیا جاتا ، ہوائی فائرنگ کی جاتی ہے جو جان بھی لے سکتی ہے، آج کی رات سب کے لیے برابر ہے ، اپنی خوشی کو کسی اور کے ماتم کی وجہ نہ بنائیں۔ ذمہ داری سے جشن منائیں۔”

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ہوائی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "دعا ہے اس امید کے ساتھ کہ کل رات سب کے محفوظ رہی ہو۔ برائے مہربانی میرے پیغام کو غور سے سنیں، اگر ہم اپنے ملک کی بہتری چاہتے ہیں تو تبدیلی کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے!”

متعلقہ تحاریر