شہباز حکومت کا توانائی اور معاشی سیکٹر میں بحران پر کمیشن بنانے کا فیصلہ

وفاقی وزراء کا کہنا ہے کہ کمیشن عمران خان حکومت کے دوران توانائی اور معاشی سیکٹر میں ہونے والی کرپشن کا جائزہ لے کر رپورٹ عوام کے سامنے پیش کرے گا۔

شہباز شریف حکومت نے گزشتہ چار سالوں میں توانائی اور معاشی سیکٹر میں ہونے والی کرپشن پر کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن انکوائری رپورٹ عوام کے سامنے رکھے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزراء احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ چار سالوں میں توانائی سیکٹر میں نقصانات پر کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے ، تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔

یہ بھی پڑھیے

رجیم چینج کی انکوائری ملک کے مستقبل سے جڑی ہے، عمران خان

آنجہانی سدھو موسے والا کی پنجاب کے ضمنی انتخاب میں انٹری

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کمیشن عمران خان حکومت میں پیٹرولیم کے شعبے میں ہونے والے غلط فیصلوں کا جائزہ لے گا۔ ان کا کہنا تھا عمران خان کابینہ کے فیصلوں سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کمیشن یہ بھی جائزہ لے گا کہ گیس اور بجلی کے سیکٹر میں جو غفلت برتی گئی اس سے ملک کو کتنے ارب کا نقصان ہوا۔ کمیشن کی رپورٹ عوام کے سامنے رکھے جائے گی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کمیشن اس بات کا بھی جائزہ لے گا کہ عمران خان اور اس کی کابینہ نے اس ملک کی معیشت کا جو حال کیا ہے اور جو بوجھ اس نے مہنگائی کی صورت میں عوام کو دیا ہے ، اس کی ذمہ داری کن افراد پر جاتی ہے۔ کمیشن اس نقصان کا تخمینہ بھی لگائے گا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی کا کہنا تھا پاکستان اس وقت بدترین توانائی کے بحران سے گزر رہا ہے ، بدترین لوڈشیڈنگ سے پاکستان کی عوام اور صنعت کا پہیہ جام ہے ، موجودہ حکومت کو آئے ہوئے تقریباً دو ماہ ہو گئے ہیں ، مگر آج جو صورتحال ہے اس کی نشاندہی نومبر اور دسمبر 2021 میں ہم نے کردی گئی تھی ، کہ ملک پاکستان پہلی مرتبہ گرمیوں میں گیس کے بحران سے دوچار ہوگا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے متنبہہ کردیا تھا کہ عمران حکومت نے بروقت گیس کے طویل معیاد سستے سودے نہیں کیے ، جس کی وجہ سے گرمی کے موسم کے دوران شدید توانائی کا بحران پیدا ہو گا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران حکومت نے ایل این جی کے بروقت سودے نہیں کیے جس کی وجہ سے آج بجلی پیدا کرنے کے لیے ہمارے پاس ایندھن نہیں ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا آج کابینہ کی اہم میٹنگ ہوئی جس میں گزشتہ دور حکومت میں لیے گئے قرضوں کا جائزہ لیا گیا ، گردشی قرضہ دوگنا ہو چکا ہے ، جو نقصانات ہوچکے ہیں ان کا جائزہ لیا گیا اور ان کے اثرات کو ختم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔

متعلقہ تحاریر