سیاحوں کے لیے خوشخبری، انتظامیہ کا ملکہ کوہسار مری کے لیے شٹل سروس چلانے کا فیصلہ
عیدالاضحیٰ کے موقع پر مری کی سیر کو آنے والے سیاحوں کی پریشانی سے بچانے کے لیے انتظامیہ نے بہارہ کہو سے مری تک شٹل بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عید الاضحی کے موقع پر مشہور تفریحی مقام، ملکہ کوہسار مری میں آنے والے سیاحوں کے لیے خوش خبری ہے کہ اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو سے مری تک شٹل سروس چلائی جائے گی جس کے لئے 15بسیں مختص کی گئی ہیں۔اس طرح سیاحوں کو ٹریفک رش سے نجات مل جائے گی اور وہ سہولت سے تفریح کرسکیں گے۔
عید کے موقع پر سیاحوں کی بڑی تعداد ہزاروں گاڑیوں میں تفریحی مقام مری کا رخ کرتی ہے جس کے سبب اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو سے مری تک ہزاروں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتیں ہیں،مری میں بھی پارکنگ کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے سبب شہری تفریح کی بجائے گھنٹوں گاڑیوں میں گزارنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان بزنس کونسل کا سپرٹیکس اور شرح سود میں اضافے پر تحفظات کا اظہار
سرد تعلقات میں گرم جوشی آنے لگی، امریکی صدر سے پاکستانی سفیر کی ملاقات
مری میں گنجائش سے زائد سیاحوں کی آمد کے سبب شہریوں کو ہوٹلوں اور ریسٹ ہاؤسز میں یا تو رہائش دستیاب ہی نہیں ہوتی یا پھر اس کے لیے منہ مانگا کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے۔بہت سے سیاح اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گاڑیوں میں بھی شب گزاری پر مجبور ہوتے ہیں۔اس صورتحال سے بچنے کے لیے راولپنڈی انتظامیہ نے سیاحوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ تفریحی مقام مری کے لئے، بہارہ کہو سے 15بسیں چلائی جائیں گی۔ بس سروس عیدالاضحیٰ کے موقع پر 3 دن کے لیے چلے گی۔ بس سروس بہارہ کہو گرین لائن بس سٹینڈ اپنے سفر کا آغاز کرے گی۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ مسافروں سے 100 روپے فی کس کے حساب سے کرایہ وصول کیا جائے۔ فیملیز کو ترجیح بنیادوں پر سفری سہولیات فراہم کی جائے گی۔ بس سروس سے مری میں ٹریفک رش میں کمی آئے گی۔ بس سروس میں سفر کرنے والی فیملیز کو مری میں فری شٹل سروس کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر راولپنڈی کی تحصیل مری میں تیز بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق ہفتہ کے روز سے 12 جولائی کے دوران مری سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
اس موقع پر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ ندی نالوں اور نہروں میں نہانے، نشیبی علاقوں میں گاڑیاں کھڑی کرنے سے گریز کریں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق اتوار کو بارشوں سے مری، اسلام آباد اور راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیر آب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔