ترجمان قومی اسمبلی کی سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید

ترجمان کے مطابق کینڈا میں ہونے والی دولت مشترکہ کانفرنس میں پاکستان کا 5 رکنی وفد شرکت کررہا ہے۔

قومی اسمبلی کے ترجمان نے سوشل میڈیا کے حوالے سے گردش کرنے والی ایسی تمام خبروں کو لغو، من گھڑت اور سو فیصد جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے جن میں یہ افواہیں اڑائی جا رہی ہیں کہ کینڈا میں ہونے والی دولت مشترکہ کی کانفرنس میں اسپیکر قومی اسمبلی بھاری بھرکم وفد کے ہمراہ شرکت کر رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ درحقیقت ایسی بے سروپا باتیں اڑانے والے ملک اور قوم کے وہ دشمن ہیں جو عالمی برادری میں پاکستان کو رسوا کرنا چاہتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ کانفرنس کے طے کردہ معیار کے مطابق پاکستان کی وفاقی پارلیمان کل پانچ ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ شرکت کر سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سندھ کے عوام کا گناہ ، پیپلز پارٹی کو ووٹ دینا ہے

پورے سال خاموش رہنے والے اراکین پارلیمان میں کروڑوں روپے کی تقسیم

ان پانچ میں سے بھی دو ارکان کا تعلق سینٹ اور تین کا، بشمول اسپیکر قومی اسمبلی سے ہونا تھا لیکن حالیہ سیلاب کے پیش نظر رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کانفرنس میں شمولیت سے معذرت کر لی سو اسپیکر صرف ایک رکن اسمبلی رومینہ خورشید عالم کے ہمراہ کانفرنس میں موجود ہیں۔

ترجمان کے مطابق ان کے علاوہ سیکرٹری اسمبلی پارلیمان کے سیکریٹریوں کی تنظیم "سوکیٹ” کا حصہ ہونے کی وجہ سے شرکت کر رہے ہیں جبکہ تین سال تک سی پی اے کے پورے جنوبی ایشیا کا سیکریٹریٹ کامیابی سے چلانے کے باعث سی پی اے کی دعوت پر ایڈیشنل سیکرٹری اسمبلی بطور ریجنل سیکرٹری سی پی اے کانفرنس میں اپنے وفد کی معاونت کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق کُل پانچ رکنی وفد ، بشمول افسران، قومی اسمبلی پاکستان سے اس اہم پارلیمانی کانفرنس میں شریک ہے۔

ترجمان نے اس امر کو انتہائی افسوس ناک قرار دیا کہ بلا تحقیق مملکت کے معتبر ترین ادارے پر کیچڑ اچھالی گئی اور کئی زمہ دار عہدوں پر فائز رہنے والی شخصیات نے بھی ایسی جھوٹی اور گمراہ کن خبر کو بلا تحقیق پھیلانے میں کردار ادا کیا۔

متعلقہ تحاریر