وزیراعظم کے ایک ہفتے میں لندن کے دو دورے، اسحاق ڈار کو واپس لانے کی حتمی تیار مکمل
شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں عمران خان کے متوقع لانگ مارچ سے متعلق تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکا جانے سے قبل اور امریکا سے واپسی پر ، وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں خطاب کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف وطن واپس آنے کی بجائے ایک مرتبہ پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن پہنچے، جہاں انہوں نے پارٹی کے قائد سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیے
ہم پوری تیاری سے اسلام آباد آئیں گے ، رانا ثناء کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، عمران خان
عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کو حلف کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیدیا
ملاقات کے دوران ملک میں پارٹی کے استحکام اور اپوزیشن جماعتوں سے نمٹنے سمیت متعدد امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
نیوز 360 کے ذرائع سے ملنے اطلاعات کے مطابق ملاقات میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
ذرائع نے نیوز 360 کو بتایا کہ ملاقات میں اسحاق ڈار کی کی وطن واپسی اور مستقبل قریب میں دی جانے والی ذمہ داریوں سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات میں نواز شریف کی پاکستان واپسی کی تاریخ کو حتمی شکل بھی دی گئی۔
مزید برآں، مہنگائی اور امریکی ڈالر کی شرح تبادلہ سمیت معاشی زوال کو روکنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اتحاد حکومت کو درپیش اپوزیشن سے متعلق مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، جن میں عمران خان کی جانب سے ایک اور لانگ مارچ کی دھمکی، عمران کے خلاف دائر مقدمات کے جلد فیصلوں اور پنجاب میں دوبارہ اقتدار حاصل کرنے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔









