پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی وارداتوں میں بھارت ملوث ہے، رانا ثناء اللہ

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب عمران محمود کا کہنا ہے جوہر ٹاؤن بم دھماکے کے تین ملزمان کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیا گیا تھا ، ملزم ضیاء اللہ کے بعد سمیع اللہ کو بھارت سے ٹیررفنانسنگ کی گئی تھی۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت ملوث ہے مگر وہ دنیا کے سامنے معصوم بننے کی کوشش کرتا ہے۔ طالبان کے جو گروپ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں، انہیں بھی بھارت کی حمایت اور تعاون حاصل ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب عمران محمود کے ہمراہ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان سے گرفتار ہونے والا کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہمیں بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ دہشت گردی کی کوئی بھی صورت ہو، اس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ نظر آتا ہے۔ وہ اپنا ظلم چھپانے کیلئے کشمیر میں بدترین ظلم کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ وزرائے خارجہ اجلاس میں بلاول بھٹو معاملے کو اٹھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

نیب ترامیم سے فائدہ صرف ترامیم کرنے والوں کو ہی ہوا، سپریم کورٹ

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری ایک بار پھر7 روزہ طویل دورے پر امریکا جائیں گے

ان کا ہنا تھا کہ پاکستان بہت عرصے سے دہشتگردی کی آگ میں جھلس رہا ہے،دہشتگردی کو کوئی بھی واقعہ ہو بھارت اس میں کسی نا کسی انداز میں شامل رہا ہے،پاکستان میں مساجد اور امام بارگاہوں کا نشانہ بنایا گیا،بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ طالبان کا جو گروپ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، اسے بھی بھارت کی حمایت اور تعاون حاصل ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حافظ سعید کی رہائش گاہ کے قریب دھماکے میں بھی بھارت ملوث تھا۔ پولیس کی موجودگی کی وجہ سے گاڑی ان کی رہائش گاہ تک نہ پہنچ سکی، جب دھماکہ ہوا تب حافظ سعید رہائش گاہ میں موجود نہیں تھے۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی عمران محمود نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جوہر ٹاؤن میں بم دھماکہ میں 3 شہری شہید، 22 لوگ زخمی ہوئے تھے، واقعے کے 24 گھنٹے کے اندر 3 دہشت گردوں پیٹرپال ڈیوڈ، سجاد حسین اور ضیاء اللہ کے علاوہ گاڑی لانے والے عید گُل اور اس کی بیوی کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا، نوید اور سلیم نامی شخص جوہرٹاؤن دھماکے کے ماسٹرمائنڈ تھے۔ بھارت کی جانب سے سمیع الحق کو ٹیرر فنانسنگ کی گئی جو ضیاء اللہ  کا بھائی ہے۔

متعلقہ تحاریر