صدر مملکت کا بیوہ کے حق میں بڑا فیصلہ، اسٹیٹ لائف کو معاوضے کی ادائیگی کا حکم
ڈاکٹر عارف علوی نے مرحوم ملک دلشاد کی بیوہ کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسٹیٹ لائف انشورنس کو اصل معاوضے کے ساتھ 9 سال کا پروفٹ دینے کا حکم دے دیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 9 سال سے ریلیف کی منتظر بیوہ کو منافع کے ساتھ انشورنس کلیم کی رقم دینے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی اپیل مسترد کر دی۔
صدر مملکت نے بیوہ کو شوہر کی لائف انشورنس پالیسی کی رقم 9 سال سے ادا نہ کرنے پر اسٹیٹ لائف کی سرزنش بھی کی اور اسٹیٹ لائف کارپوریشن کو مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے انشورنس کے ساتھ جمع شدہ منافع بھی بیوہ کو ادا کرے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیے
لکی مروت میں دہشتگردوں کا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، ایک اہلکار شہید ، ایک دہشتگرد ہلاک
سیکورٹی فورسز کا بنوں میں کامیاب آپریشن، 4 دہشتگرد مارے گئے
صدر مملکت کہاکہ اسٹیٹ لائف نے شوہر کی جانب سے دل کی بیماری خفیہ رکھنے کا بہانہ بنا کر بیوہ کو کلیم کی ادائیگی سے انکار کر دیا تھا جبکہ پالیسی کے اجراء سے قبل مجاز میڈیکل آفیسر نے طبی معائنہ میں پالیسی ہولڈر کو صحت مند قرار دیا تھا۔
صدر مملکت نے کہاکہ پالیسی کے اجراء سے قبل اسٹیٹ لائف کے پاس مبینہ بیماری دریافت کرنے کے تمام ذرائع موجود تھے اور پالیسی سے پہلے مبینہ بیماری ثابت کرنے کی ذمہ داری اسٹیٹ لائف پر عائد ہوتی ہے۔
انشورنس کلیم کی تردید کے لیے مبینہ بیماری کی موجودگی کے حوالے سے ناقابلِ تردید ثبوت درکار ہیں، اسٹیٹ لائف کے فیلڈ آفیسر کی خفیہ رپورٹ نے پالیسی کے اجراء کے وقت شوہر کو صحت مند قرار دیا تھا، صدر مملکت نے قراردیا ہے کہ کیس کے حقائق کے پیش نظر اسٹیٹ لائف کی جانب سے بدانتظامی ثابت ہوتی ہے اسلئے وفاقی محتسب کے احکامات کے خلاف اسٹیٹ لائف کی اپیل کو مسترد کیا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مرحوم ملک دلشاد نے 30 نومبر2010 کو کو اسٹیٹ لائف سے 2 لاکھ روپے کی لائف انشورنس پالیسی خریدی ، 21 جولائی 2013 کو کو شوہر کی وفات پر محترمہ شبنم دلشاد (شکایت کنندہ ) نے انشورنس کلیم کے لیے درخواست دی ،شوہر کی جانب سے دل کا عارضہ چھپانے پر اسٹیٹ لائف نے بیوہ کو رقم ادا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
شکایت کنندہ نے وفاقی محتسب سے رابطہ کیا، جس نے بیوہ کے حق میں حکم جاری کیا، اسٹیٹ لائف نے وفاقی محتسب کے انشورنس کلیم ادائیگی کے حکم کے خلاف صدر مملکت کو اپیل دائر کی تھی جسے صدرمملکت نے مسترد کردیا ہے۔









