پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو ڈی نوٹیفائی نہ کرنے کی درخواست دے دی

تحریک انصاف اراکین قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ اگر اسپیکر قومی اسمبلی ان کے استعفے منظور کر بھی لیتے ہیں تو ای سی پی انہیں ڈی نوٹیفائی نہ کرے۔

پاکستان تحریک انصاف کے استعفے واپس لینے والے اراکین، پارلیمنٹ کے دروازے بند اور منسٹر انکلیو میں اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر الیکشن کمیشن پہنچ گئے، جہاں انہوں نے حکام سے ملاقات میں استعفوں کی واپسی کی درخواست جمع کراتے ہوئے ہوئے کہا کہ اگر اسپیکر استعفے منظور کرلیں تو الیکشن کمیشن انہیں ڈی نوٹیفائی نہ کرے۔

پاکستان تحریک انصاف کے استعفے واپس لینے والے 44  اراکین ، قومی اسمبلی پہنچے جہاں انہیں بتایا گیا کہ پارلیمنٹ تین روز کے لیے بند ہے، جس پر پی ٹی آئی کے اراکین منسٹر انکلیو پہنچے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بتایا کہ وہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے استعفوں کی واپسی سے متعلق بات کرنے کے لئے ملاقات کرنا چاہتے ہیں مگر پولیس کی جانب سے انہیں منسٹر انکلیو میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ جس پر پی ٹی آئی اراکین نے احتجاجی دھرنا دیا اور نعرے بازی کی۔جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے اراکین الیکشن کمیشن پہنچ گئے۔ جنہیں الیکشن کمیشن میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تاہم بعد میں پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر اور ریاض فتیانہ کو الیکشن کمیشن کے اندر بلا لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے حکام سے ملاقات کی اور انہیں 44 اراکین کے استعفوں کی واپسی کی درخواست جمع کرائی۔

یہ بھی پڑھیے

صحافی نعمان وہاب نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کچا چٹھا کھول دیا

شارٹ سرکٹ کے باعث پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت تین دن کے لیے بند

پی ٹی آئی اراکین کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کے حکام سے کہا ہے کہ اگر اسپیکر ان کے استعفے منظور کرتے ہیں تو الیکشن کمیشن انہیں ڈی نوٹیفائی نہ کرے۔

پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگرنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم 45 ارکان اسمبلی عمران خان کی ہدایت پر اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس آئے تھے ، ہم جعلی اپوزیشن لیڈر کو ہٹانے آئے تھے ،امپورٹڈ حکومت نے 4 دن کیلئے پارلیمنٹ بند کردی ، مطالبہ ہے اسپیکر یا سیکرٹری اسمبلی ہمیں ملیں تاکہ اپنے استعفیٰ واپس لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے استعفے واپس لینے کی ای میل بھی کردی ، جنرل الیکشن تک انہیں بھاگنے نہیں دیں گے، پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ ہماری جانب سے اپوزیشن لیڈر بنانا ناگزیر ہے۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے احتجاج کے باعث زمین پر پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی جبکہ ریڈ زون میں راستے بند کئے جانے کے سبب ٹریفک جام رہی، منسٹر انکلیو ، خیبرپختونخوا ہاوس ، پنجاب ہاوس ، سندھ اور بلوچستان ہاوس کو جانے والے راستہ  بھی بند کر دیئے گئے۔

متعلقہ تحاریر