ڈی ایچ اے کوئٹہ میں تعینات لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا اغوا کے بعد شہید

کرنل لئی کو زیارت سے کوئٹہ واپسی کے دوران کزن کے ہمراہ اغوا کیا گیا، کوئک رسپانس فورس کا آپریشن، دہشتگردوں نے گھیرے میں آتے ہی کرنل لئیق کو شہید کردیا اور انکے کزن کو لیکر فرار ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد بھی مارے گئے،آئی ایس پی آر: وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس

ڈی ایچ اے کوئٹہ میں تعینات پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو دہشت گردوں سے زیارت سے کوئٹہ واپسی کے دوران اغوا کرکے شہید کردیا جبکہ ان کے کزن کو اغوا کرکے فرار ہوگئے۔

پاک فوج سے فائرنگ کے تبادلے میں اغوا کاروں کے 2 ساتھی مارے گئے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے واقعے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کالعدم بی ایل اے کے ہاتھوں میٹرو ون کے صحافی شاہد زہری قتل

سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائیاں ، 6 مبینہ دہشت گرد گرفتار

جمعرات کی شب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 12 اور 13 جولائی کی رات ڈی ایچ اے کوئٹہ میں تعینات لیفٹیننٹ کرنل لئیق مرزا اور ان کے کزن عمر کو 10 سے 12 دہشت گردوں کے ایک گروپ نے زیارت سے کوئٹہ واپسی کے دوران اغوا کیا تھا۔ وہ قائد ریذیڈنسی پر حاضری دینے کے بعد واپس آرہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کی اطلاع موصول ہوتے ہی، آرمی کوئیک ری ایکشن فورسز کو فی الفور فرار ہوتے ہوئے دہشت گردوں کے تعاقب میں روانہ کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز اور ایس ایس جی کمانڈوز نے ہیلی کاپٹرز کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کیا۔ نتیجتاً سکیورٹی فورسز کی ایک ٹیم نے چھ سے آٹھ دہشت گردوں کو نزدیک واقع پہاڑوں میں ایک نالے میں فرار ہوتے دیکھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اپنے آپ کو سکیورٹی فورسز کے گھیرے میں دیکھ کر دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو شہید کر دیا اور فرار ہونے کی کوشش کی تاہم فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے قبضے سے دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز برآمد ہوئی ہیں۔

پریس ریلیز کے مطابق اس کارروائی کے دوران باقی ماندہ دہشت گرد مغوی شہری عمر کو ساتھ لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق خراب موسم کے باوجود مغوی شہری کی بازیابی اور اس جرم میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرز اکی شہادت پر  گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ  ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادارے اس گھناؤنے جرم میں ملوث  دہشتگردوں  کو پکڑ کر قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ میری نیک تمنائیں اور دعائیں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں ، پوری قوم ان کے غم میں شریک ہے۔

متعلقہ تحاریر