پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دے دی

پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 دسمبر کو عدالت عالیہ کے حکم کے مطابق بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر ای سی پی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دے دی۔

پاکستان تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔

پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن کرانے سے متعلق گزشتہ روز کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا ، الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان نیازی کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے گھر بھیجا ، احسن اقبال

عمران خان نے الیکشن کمیشن کو وفاقی حکومت کی بی ٹیم قرار دے دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے باجود دارالحکومت میں آج بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ نہیں ہوسکی۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں آج 31دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد کل الیکشن کمیشن کے حکام کا ہنگامی اجلاس کے بعد کہنا تھاکہ بلدیاتی انتخابات کل نہیں کراسکتے، اس کے لئے کم از کم سات دن درکار ہیں۔اجلاس میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیاتھا۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ عدالت کی عزت اور احترام کرتے ہیں لیکن 31 دسمبر کو انتخابات کروانا ممکن نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ اسلام آباد میں تقریباً ایک ہزار پولنگ اسٹیشن ہیں، جن کو سیکیورٹی فراہم کرنی ہے، پھر وہاں پر الیکشن کا میٹریل پہنچانا ہے، عملے کو پہنچانا ہے، اس لیے یہ ممکن نہیں ہے کہ عدالتی فیصلے کے اگلے روز 31 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں.

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اب انتخابات میں کم از کم تین سے چار مہینے لگیں گے، کیونکہ اس حوالے سے پارلیمان نے قانون سازی کی ہے۔

متعلقہ تحاریر